نوجوان ترقی کے لئے جدید علوم اور فنون سے آگاہی حاصل کریں،گورنرپنجاب

اے پی پی  |  Feb 19, 2024

ملتان۔ 19 فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی کامیابی قومی اثاثہ ہے اس لئے نوجوان عصر حاضر میں ترقی اور کامیابی کے لئے جدید علوم اور فنون سے آگاہی حاصل کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی یونیورسٹی میں منعقدہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

گورنرپنجاب نے کہاکہ عصر حاضر میں ترقی اور کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ جدید علوم اور فنون سے آگاہی حاصل کی جائے ۔ نجی شعبے کے تعاون سے ہی تعلیمی میدان میں کامیابی کا حصول ممکن ہے۔انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاکہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں مہارت وقت کا تقاضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ترقی کے سفر میں محنت اور تسلسل کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

ایمانداری اور اعلی اخلاق عملی زندگی میں کامیابی کا سبب ہے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ آج کا طالب علم کل کا رہنما ہے لہذا اسے لیڈر والی خصوصیات کا حامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور گمراہ کن اطلاعات پر ردعمل دینے کی بجائے تحقیق کے عمل کو یقینی بنائیں۔ تخریب کاری اور پرتشدد احتجاج ملک اور قوم کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن بارے عالمی اداروں کے حقیقی اعداد وشمار اور حقائق جاننے کے بعد ردعمل دینا چاہیے۔ کرپشن کے خلاف زبانی دعوے کرنے والوں اور عملی اقدامات کرنے والوں کا تعین کرنا ہوگا۔کانووکیشن کے اختتام پر کامیاب گریجویٹس میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More