پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا آغاز کل سنیچر سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کا مقابلہ دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹڈ سے ہو گا۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں پی ایس ایل میں ایک دوسرے کے خلاف 17 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں 9 مرتبہ اسلام آباد یونائٹڈ اور 8 مرتبہ لاہور قلندرز نے فتح حاصل کی ہے۔
اسی طرح دونوں ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں پانچ مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں جس میں تین مرتبہ فتح لاہور قلندرز جبکہ دو مرتبہ جیت اسلام آباد یونائٹڈ نے حاصل کی ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں بیٹنگ میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، ڈیوڈ ویسا اور رَسی فین ڈر ڈسن پر انحصار کرے گی جبکہ بولنگ میں دفاعی چیمپیئن ٹیم کی نظریں کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر مرکوز ہوں گی۔
دوسری طرف اسلام آباد یونائٹڈ کو بیٹنگ میں پاور ہٹر وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان، الیکس ہیلز اور کولن منرُو سے امیدیں وابستہ ہوں گی جبکہ بولنگ میں یونائٹڈ کی ٹیم نسیم شاہ، کپتان شاداب خان اور ٹائمال مِلز پر بھروسہ کرے گی۔
خیال رہے اس ایونٹ میں صرف یہ دونوں ٹیمیں دو مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی جیت چکی ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 کا اولین ٹائٹل اور 2018 میں ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
لاہور قلندرز نے 2022 پہلی مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی جیتی جبکہ 2023 میں قلندرز اُس کا دفاع کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔
اسلام آباد یونائٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔