پی آئی اے نجکاری کیس،خدا جانے کبھی اس ملک کو بھی پرائیویٹ کردیں گے، سندھ ہائیکورٹ

ہم نیوز  |  Feb 07, 2024

سندھ ہائیکورٹ نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کرکے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس عقیل احمد نے ریمارکس دیے کہ جب معاملات نہیں سنبھلتے، ادارے نہیں چلتے اس کو پرائیویٹ کردیتے ہیں۔ خدا جانے کبھی اس ملک کو بھی پرائیویٹ کر دیں گے،کہتے ہیں ادارہ نقصان میں جارہا ہے سبسڈی دینا پڑتی ہے، اتنے اچھے ادارے تھے ناجانے کیا ہوگا۔

پی آئی اے کارپوریشن کی نجکاری کے لیے مالیاتی خدمات کے معاہدے پر دستخط ہو گئے

درخواست گزار کے وکیل ظفر احمد تیموری نے کہا کہ مفاد عامہ کا کیس ہے، نوٹس جاری کرکے حکومت سے جواب طلب کیا جائے۔

چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو پہلے مطمئن کیا جائے کون سے قانون کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نجکاری سے متعلق 2016 کے قانون میں 2023 میں ترمیم کی گئی ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے ہزاروں ملازمین کا نقصان ہوگا۔

جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بڑا کیس ہے تیاری کرکے آئیں، عدالت آنکھیں بند کرکے نوٹس جاری نہیں کرے گی۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کرکے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More