انوشکا، کوہلی کے دوسرے بچے کی پیدائش کا دعویٰ، کیا ڈیویلیئرز نے ویڈیو ڈیلیٹ کی؟

اردو نیوز  |  Feb 05, 2024

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کی وجہ بتا دی ہے۔

سنیچر کو اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب شو کے دوران دعویٰ کیا کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے مداحوں کے ساتھ چیٹ سیشن کر رہے تھے جب کسی نے ان سے پوچھا کہ ’کیا آپ نے وراٹ کوہلی سے بات کی ہے؟‘ اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ وراٹ کوہلی خاندان کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

ڈی ویلیئرز نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ وراٹ کوہلی ٹھیک ہیں۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ تھوڑا سا وقت گزار رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ پہلے دو ٹیسٹ میچز نہیں کھیلے، اس کے علاوہ میں کسی اور چیز کی تصدیق نہیں کر سکتا۔‘

 

اے بی ڈی ویلیئرز نے مزید کہا کہ ’میری وراٹ سے ٹیکسٹ میسج پر بات ہوئی تھی، اور ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ اس وقت ان کے لیے اہم ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں۔ اگر آپ اپنے آپ کے لیے سچے نہیں ہیں، تو آپ اپنا مقصد کھو دیتے ہیں۔ ہمیں ویرات کی کمی محسوس ہوتی ہے لیکن انہوں نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔‘

اے بی ڈیویلیئرز کے اس دعوے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انوشکا شرما ٹرینڈ کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

’ایرر نیم ناٹ فاؤنڈ‘ نامی اکاؤنٹ نے کہا کہ ’اے بی ڈی ویلیئرز وہ انکل ہیں جن پر آپ کو کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ انوشکا اور وراٹ انہیں واٹس ایپ پر بلاک کرنے کا سوچ رہے ہوں گے۔‘

جہاں کچھ صارفین تبصرے کرتے رہے وہیں سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار بھی نظر آئی۔

ویب سائٹ بالی ووڈ لائف کے مطابق بظاہر اب اے ابی ڈیویلیئرز نے اپنی یوٹیوب ویڈیو سے وہ حصہ ڈیلیٹ کر دیا ہے جس میں انہوں نے وراٹ اور انوشکا کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کا دعویٰ کیا تھا۔

ایک ایکس صارف نے بھی اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ اے بی ڈیویلیئرز نے اپنی ویڈیو کا مخصوص حصہ ڈیلیٹ کردیا ہے، اگر آپ نے اب تک وہ ویڈیو نہیں دیکھی تو یہاں میری پوسٹ میں دیکھ لیں۔

ABD deleted the YouTube video in which he revealed Kohli's secret

Watch this if you missed it#ViratKohli #AnushkaSharma pic.twitter.com/ErzeI1oN7D

— (@CapSid) February 4, 2024

واضح رہے وراٹ کوہلی ذاتی وجوہات کی بنا پر انگلینڈ کے خلاف 5 میچز کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد مداح ان کی غیر موجودگی پر مختلف قیاس آرائیاں کر رہے تھے۔

کچھ مداحوں کا یہ کہنا تھا کہ شاید وراٹ کوہلی اپنی والدہ کی خراب صحت کے باعث میچز سے دستربردار ہوئے ہیں، جس کی انڈین کرکٹ بورڈ نے بھی بعد میں تردید کردی تھی۔

تاحال وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی جانب سے کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا۔

اس سے قبل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھی اس حوالے سے وضاحت دی تھی کہ کرکٹ شائقین اور میڈیا کوہلی کے اس فیصلے کی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیاں نہ کریں۔

بی سی سی آئی کے مطابق وراٹ کوہلی نے انڈین کپتان روہت شرما اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد اپنی خاندانی ذمہ داری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More