اپنی ذاتی زندگی میں بحران سے گزرنے کے باوجود ثانیہ مرزا خوش باش نظر آرہی ہیں۔ اپنے سابق شریکِ حیات کی طرف سے ثنا جاوید کے ساتھ تیسری شادی کے اعلان کے بعد سے سابق انڈین ٹینس سٹار بڑے پیمانے پر حمایت سمیٹ رہی ہیں۔ اس سارے معاملے کے دوران فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا کے مداحوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے یہاں وہ ساری تفصیلات دی جا رہی ہیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ثانیہ اب بھی دبئی میں ہی رہ رہی ہیں جہاں وہ شعیب ملک کے ساتھ پہلے قیام پذیر تھیں۔ ان کا اکلوتا بیٹا اذہان بھی ان کے ساتھ ہے اور ایسا لگتا ہے کہ سابق انڈین ٹینس سٹار مکمل طور پر خود اپنے بیٹے کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ ثانیہ مرزا زندگی کا سفر جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے آسٹریلین اوپن میں بھی شرکت کی۔ہائپ آڈیٹر کے مطابق گذشتہ ماہ کے دوران ثانیہ مرزا کے مداحوں میں دو لاکھ اٹھاسی ہزار کا اضافہ ہوا۔ یاد رہے کہ شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان 20 جنوری 2024 کو کیا تھا۔ ثانیہ مرزا نہ صرف اپنے ملک بلکہ پاکستان سے بھی بہت زیادہ محبتیں سمیٹ رہی ہیں اور سوشل میڈیا کے یہ اعدادوشمار اس بات کو ثابت بھی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ خبریں بھی آئی ہیں کہ شعیب ملک کے خاندان نے بھی ثانیہ مرزا کا ساتھ دیتے ہوئے اُن (شعیب ملک) کی شادی میں شرکت سے انکار کیا تھا۔وہ رواں برس 19 جنوری کو اپنی کراچی والی رہائش گاہ پر ایک چھوٹی سی نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان 20 جنوری 2024 کو کیا تھا (فائل فوٹو: شعیب ملک ایکس اکاؤنٹ)
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی شدہ زندگی سے متعلق کافی عرصے سے طلاق کی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں۔ ثانیہ مرزا کو ابتدا میں ہی شعیب ملک اور ثنا جاوید کی محبت سے متعلق علم ہو گیا تھا اور انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ اس معاملے پر وہ شعیب ملک کے گھر والوں کو مداخلت کا کہیں گی۔ شعیب ملک کے گھر والوں نے اس رشتے کو بچانے کی اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کی لیکن شعیب ملک ثانیہ مرزا کو چھوڑنے پر بضد رہے۔ ثانیہ مرزا نے مبینہ طور پر 2023 میں کہیں خُلع کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ثنا جاوید نے شعیب ملک سے قبل پہلی شادی گلوکار عمیر جسوال سے کی تھی۔
خبروں کے مطابق انہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سے شادی کرنے سے دو تین ماہ پہلے عمیر جسوال کے ساتھ اپنا ازدواجی رشتہ ختم کیا۔