خاتون کھلاڑی کا بوسہ: ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے سابق سربراہ پر تین سال کی پابندی برقرار

اردو نیوز  |  Jan 28, 2024

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کی اپیل کمیٹی نے جمعے کو ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن (آر ایف ای ایف) کے سابق سربراہ لوئس روبیلز کی اپیل کو مسترد کرنے کے بعد ان پر تین سال کی پابندی برقرار رکھی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگست میں سپین کی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد مبینہ طور پر رضامندی کے بغیر کھلاڑی جینی ہرموسو کا بوسہ لینے کے بعد 30 اکتوبر کو روبیلز پر فٹ بال سے متعلق تمام سرگرمیوں پر تین سال کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

لوئس روبیلز نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی لیکن جسے مسترد کر دیا گیا ہے، تاہم اس فیصلے کے خلاف اب بھی ثالثی کی عدالت میں اپیل کی جا سکتی ہے۔

فیفا نے کہا ہے کہ ’اپیل کمیٹی مطمئن تھی کہ مسٹر روبیلز نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران اور اس کے بعد فیفا ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 13 کے تحت درج اصولوں کے خلاف رویہ اختیار کیا۔‘

فیفا نے مزید کہا کہ روبیلز کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

46 سالہ روبیلز نے ستمبر میں یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا کہ  آر ایف ای ایف میں ان کا عہدہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور خواتین کے گروپوں کے دباؤ کے باوجود دستبردار نہ ہونے کا عزم کیا تھا۔

ہسپانوی ہائی کورٹ کے ایک جج نے جمعرات کو تجویز پیش کی کہ روبیلز کو بوسے پر مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے، یہ کہتے ہوئے کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بوسہ ’اتفاق سے نہیں تھا اور یہ یکطرفہ اور حیران کن اقدام تھا۔‘

جج نے خواتین کی ٹیم کے سابق کوچ جارج ولڈا کے ساتھ ساتھ مردوں کی ٹیم کے سپورٹ ڈائریکٹر البرٹ لوک اور فیڈریشن کے مارکیٹنگ چیف روبن رویرا کے خلاف مقدمہ چلانے کی بھی درخواست کی، کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر خاتون کھلاڑی پر یہ کہنے کے لیے دباؤ ڈالا کہ وہ کہیں کہ بوسہ رضامندی سے لیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More