آسام رائفلز کے اہلکار نے چھ ساتھیوں کو زخمی کر کے خود کو بھی گولی مار لی

اردو نیوز  |  Jan 24, 2024

انڈین فوج کے نیم فوجی دستے آسام رائفلز کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مارنے سے قبل جنوبی منی پور کے ایک کیمپ میں اپنے چھ ساتھیوں پر فائرنگ کر دی۔

انڈین اخبار دکن ہیرالڈ کے مطابق آسام رائفلز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چھ افراد مقامی شہری نہیں تھے اور جاری تشدد سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

آسام رائفلز کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ واقعہ بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے ضلع چندیل کے ساجک تمپک کے کیمپ میں پیش آیا ہے۔ یہ کیمپ میانمار کی سرحد کے قریب ہے۔

منی پور پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’منی پور میں جاری نسلی تنازع کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی ممکنہ افواہوں کو دور کرنے اور کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے بچنے کے لیے اس واقعے کی تفصیلات کو شفاف طریقے سے شیئر کرنا ضروری ہے۔ اس افسوسناک واقعے کو جاری تنازع سے جوڑنا نہیں چاہیے۔‘

حکام نے حقائق جاننے کے لیے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

بیان کے مطابق آسام رائفلز میں منی پور کی مختلف کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں اور منی پور میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے معاشرے میں پولرائزیشن کے باوجود تمام اہلکار ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔

بیان میں فائرنگ سے متاثرہ افراد کی شناخت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More