پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت نے 2024 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق کشمالہ طلعت نے ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جکارتا میں منعقد ہونے والی ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ مین کشمالہ طلعت نے ویمنز کے 10 میٹر پسٹل مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ انڈیا سے تعلق رکھنے والی ایشا سنگھ نے اس مقابلے میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کشمالہ طلعت ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون شوٹر بن گئی ہیں۔‘
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق اس جیت کے بعد کشمالہ طلعت نے 2024 پیرس اولمپکس میں براہ راست رسائی حاصل کر لی ہے۔
Kishmala Talat, first Pakistani female shooter to
Win Silver Medal (Air Pistol) @ Asian Shooting ChampionshipsSecure direct Olympic Quota for #Paris2024
She holds prestigious IOC Olympic Scholarship for Paris 2024. pic.twitter.com/USWCQogKlP
— Pakistan Olympic Association (@NOCPakistan) January 8, 2024
اس کے علاوہ کشمالہ طلعت نے آئی او سی اولمپک سکالرشپ کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب کشمالہ طلعت پیرس اولمپکس میں گلفام جوزف اور جی ایم بشیر کے بعد مجموعی طور پر تیسری پاکستانی شوٹر بن گئی ہیں۔
خیال رہے اس سے قبل گزشتہ برس ہونے والی ایشین گیمز میں بھی انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
اس کے علاوہ 2019 میں کشمالہ طلعت نے ساؤتھ ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔