وہ لالچی کتا جو اپنے مالک کے 11 لاکھ روپے ہڑپ کر گیا

بی بی سی اردو  |  Jan 05, 2024

امریکہ میں ایک کتے نے اپنے مالک کے چار ہزار ڈالر یعنی 11 لاکھ روپے کھا لیے ہیں۔

امریکی ریاست پینسلوانیا میں ایک کتا لفافے میں رکھے پیسوں پر ٹوٹ پڑا اور اس وجہ سے انٹرنیٹ پر وائرل بھی ہو گیا۔

کلیٹن اور کیری لا نے سیسل نامی اس کتے کی قے اور پاخانے سے زیادہ تر نوٹوں کے بدبودار ٹکڑے جمع کر لیے لیکن 450 ڈالر ابھی تک غائب ہیں۔

سیسل کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر نے اس جوڑے کو بتایا کہ ان کے کتے کی صحت ٹھیک رہے گی۔

دسمبر کے اوائل میں پٹسبرگ شہر میں کلیٹن نے چار ہزار ڈالر سے بھرا ایک لفافہ اپنے گھر کے کچن کاؤنٹر پر رکھا۔ ان کی بیوی اور انھوں نے گھر کی باڑ لگانے کے لیے ایک کنٹریکٹر کو یہ رقم دینی تھی۔

30 منٹ بعد اپنے پالتو کتے کو اپنی زندگی کی سب سے مہنگی ترین دعوت اڑاتے ہوئے دیکھ کر کلیٹن کے اوسان خطا ہو گئے۔

مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کیری نے کہا ’ایک دم سے کلیٹن نے مجھے آواز دی کہ سیسل چار ہزار ڈالر کھا رہا ہے۔ مجھے لگا میں یہ نہیں سن رہی ہوں، مجھے تقریباً دل کا دورہ پڑنے والا تھا۔‘

واشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے اس جوڑے نے اپنے کتے کو ’نادان‘ کہا۔ کیری نے بتایا ’وہ ہر چیز نہیں کھاتا۔ آپ ٹیبل پر سٹیک رکھ جائیں لیکن وہ اس کو ہاتھ بھی نہیں لگائے گا۔‘

پیسے کھانے کے بعد جب سیسل آرام کرنے کے لیے لیٹ گیا تو اس کے پریشان مالکوں نے فوراً اس کے ڈاکٹر سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ سیسل کو کسی طبی علاج کی ضرورت تو نہیں۔

اس کے بعد اس جوڑے کو نوٹوں کے ٹکڑے جمع کرنے کا انتہائی مشقت بھرا کام کرنا پڑا۔

لیکن اس سے پہلے کہ وہ نوٹ جوڑتے، انھیں انتظار کرنا تھا کہ سیسل قے کر کے پیسے نکالے۔ اس کے بعد انھوں نے ان نوٹوں کو دھویا۔

کیری نے مقامی اخبار کو بتایا ’ان سے بہت بدبو آ رہی تھی۔‘

اس جوڑے نے 50 اور 100 ڈالر کے نوٹوں کو ایک ایک کر کے ٹیپ سے جوڑنے کی کوشش کی۔ انھوں نے کوشش کی کہ نوٹوں کے دونوں جانب کے سیریئل نمبر مل جائیں جس سے یہ بات یقینی ہو جائے گی کہ بینک پھٹے نوٹوں کو لے کر انھیں نئے نوٹ دے دے گا۔

یاد رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ سنہ 2022 میں پیش آیا تھا، جب نیوزویک نے اطلاع دی تھی کہ فلوریڈا میں ایک خاتون کے کتے نے 2000 ڈالر کھا لیے۔

اس واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی، جس میں کتے کی مالکن کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔

لیکن سیسل کے مالک اس واقعے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور انھوں نے وائرل ویڈیو پر لکھا کہ ’ملنے والے باقی نوٹ ہمارا سب سے مہنگا فن پارہ ہوں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More