میکڈونلڈز ملائیشیا نے بائیکاٹ تحریک کے خلاف 10 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا

اردو نیوز  |  Jan 01, 2024

ملائیشیا میں میکڈونلڈز نے اسرائیل کے غزہ پر حملے کے بعد بائیکاٹ کی مہم چلانے والی تحریک کے خلاف 10 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ’میکڈونلڈز ملائیشیا‘ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس مہم کے ’بے بنیاد اور ہتک آمیز بیانات‘ کی وجہ سے ان کے کاروبار کو نقصان پہنچا ہے۔

میکڈونلڈز ملائیشیا نے نقصانات کے مد میں 10 لاکھ 31 ہزار ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم اکثریتی ملک ملائیشیا فلسطینوں کا پرجوش حامی ہے اور غزہ میں اسرائیل کے فوجی حملے کے بعد دیگر مسلم ممالک کی طرح یہاں بھی مغربی فاسٹ فوڈ برانڈز کے بائیکاٹ کی مہمات چل رہی ہیں۔

ملائیشیا میں میکڈونلڈز کا لائسنس گربانگ الاف ریسٹورنٹس کے پاس ہے۔ اس ریسٹوریٹ نے ’بائیکاٹ، ڈی ویسٹمنٹ اینڈ سینکشنز موومنٹ (بی ڈی ایس) کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹیں کرنے کی بنیاد پر مقدمہ دائر کیا ہے۔

میکڈونلڈز ملائیشیا کا موقف ہے کہ اس تحریک نے سوشل میڈیا پر ہماری کمپنی کا تعلق ’اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی پر مبنی جنگ‘ کے ساتھ جوڑا ہے۔

کمپنی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ڈی بی ایس ملائیشیا نے شہریوں کو میکڈونلڈز کے بائیکاٹ کی ترغیب دی جس کے نتیجے میں ہمیں آمدن میں کمی، ملازمین کی برخاستگی اور بعض آؤٹ لیٹس کی بندش کی صورت میں نقصانات اٹھانا پڑے۔

دوسری جانب بی ڈی ایس ملائیشیا نے فاسٹ فوڈ کمپنی کی شہرت کا خراب کرنے کے الزامات کو ’قطعی طور پر مسترد‘ کرتے ہوئے معاملہ عدالت پر چھوڑنے کا کہا ہے۔

بی ڈی ایس ملائیشیا کو مقاصد میں ’فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم‘ کی عالمی حمایت کا خاتمہ اور اسرائیل پر عالمی قوانین کی پاسداری کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More