الیکشن کمیشن کی حلقوں میں سروے کرانے والے چینلز کے خلاف کارروائی کی ہدایت

اردو نیوز  |  Jan 01, 2024

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی حلقوں میں سروے کرانے والے چینلز کے خلاف کارروائی کے لیے پیمرا کو ہدایت جاری کی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پیر کو پاکستان ریگولیٹر میڈیا اتھارٹی (پیمرا) کے نام جاری کیے گئے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’یہ بات دیکھی گئی ہے کہ بعض چینلز حلقوں میں سروے پر مبنی مواد نشر کر رہے ہیں، جس پر الیکشن کمیشن کے قومی میڈیا کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ کی 12ویں شق کے تحت پابندی ہے۔‘

’یہ شق پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا دونوں کو پولنگ سٹیشنز اور حلقوں میں پولز اور سروے کرنے سے روکتی ہے۔ ایسی سرگرمیاں ووٹرز پر اثر انداز ہو سکتی ہیں اور انتخابی عمل میں خلل پڑ سکتا ہے۔‘

الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ ’اس مسئلے کی سنجیدگی کے پیش نظر پیمرا کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ قومی میڈیا کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ کی 12ویں شق کو مدنظر رکھتے ہوئے چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور اس حوالے سے رپورٹ بھی جمع کرائے۔‘

خیال رہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر ٹی وی چینلز کی جانب سے مختلف انتخابی حلقوں میں سروے کرائے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More