شمالی کوریا کا رواں سال مزید 3جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کا اعلان

اے پی پی  |  Jan 01, 2024

پیانگ یانگ۔1جنوری (اے پی پی):شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک 2024 میں مزیدتین فوجی جاسوس سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گا اور مزید جوہری ہتھیار بنائے گا۔

انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نےاعلان کیا کہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ ہم بھرپور دفاعی صلاحیتوں کے حصول اور دشمنوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو کچلنے کے لیے ہمہ گیر اور مکمل فوجی تیاری پر کام تیز کریں۔ انہوں نے ورکرز پارٹی کے اجلاس کے اختتام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جنگی تیاریوں کی سخت ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ہم پر حملہ کرنے کے اندھادھند اقدامات کی وجہ سے جزیرہ نما کوریا میں کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔

کم جونگ ان نے کہا کہ وہ 2024 میں ملک کی جوہری صلاحیتوں کو بڑھانے سمیت جنگ کے لیے جدید ترین بغیر پائلٹ آلات مثال کے طور پر مسلح ڈرونز اور الیکٹرانک جنگ کے طاقتور آلات متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور ترقی میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے ملک کی جوہری صلاحیتوں کو جدید بنانے پر مسلسل توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More