تہران ۔1جنوری (اے پی پی):ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بحیرہ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔چینی خبر رساں ادارے شنہوا نے ایرانی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ایرا نی وزیر خارجہ نے ڈیوڈ کیمرون سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے امریکا اور بعض مغربی ممالک پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں خواتین اور بچوں کو شہید کرنےکی اجازت دینا غلط ہے اور وہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہاز کے رکنے کو اقتصادی آبی گزرگاہ کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ 80 دنوں میں غزہ میں اسرائیلی حملوں پر بعض مغربی ممالک کی حکومتوں کی خاموشی کی بھی مذمت کی۔انہوں نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ علاقائی ترقی اور دوطرفہ تعلقات کے لیے حقیقت پسندانہ اور تعمیری نقطہ نظر اپنائے۔بیان میں بتایا گیا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے ایران پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری جنگ کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مدد کرے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں برطا نوی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملوں بارے ایرانی وزیر خارجہ سے بات کی، جس سے انسانی جانوں اور عالمی معیشت کو خطرہ ہے۔