فلسطینی اپنی سرزمین سے بےدخل ہونے کو قبول نہیں کریں گے ، صدر محمود عباس

اے پی پی  |  Jan 01, 2024

رام اللہ ۔1جنوری (اے پی پی):فلسطینی صدرمحمود عباس نے اسرائیلی جنگ کو فوری طور پر روکنے اور غزہ میں امداد کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوجی حل خطے کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دے گا۔العربیہ نیو ز کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام آج غزہ کی پٹی، مغربی کنارے اورمقبوضہ بیت المقدس میں جنگ سے تباہی کا شکار ہیں، جس کا مقصد ہمارے قومی نصب العین کو ختم کرنا اور اسے ایک انسانی مسئلہ میں تبدیل کرنا ہے۔

آج ایک بار پھر 1948 کے ’’نکبہ‘‘ کو دہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔فلسطینی صدر نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین سے بےدخل ہونے کو قبول نہیں کریں گے چاہے انہیں اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ چکانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ سمیت مغربی کنارا ایک ناقابل تقسیم جغرافیائی اکائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی اور سکیورٹی حل کسی کے لیے سلامتی اور امن نہیں لائے گا بلکہ یہ خطے اور دنیا کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ واحد حل یہ ہے کہ فلسطینی عوام کے آزادی کے حقوق کو تسلیم کیا جائے۔ بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر مبنی سیاسی حل کی طرف بڑھا جائے۔ ایک بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد سے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More