فرانس کےصدر کا اسرائیلی وزیر اعظم کو فون، غزہ میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی اموات پر تشویش کا اظہار

اے پی پی  |  Dec 28, 2023

پیرس۔28دسمبر (اے پی پی):فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ فون پرگفتگو میں غزہ میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی اموات اور انسانی ہنگامی صورتحال میں شدت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فرانسیسی صدر کی رہائش ایلیسی پیلس سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ فون پر بات چیت میں ایمانویل میکرون نے فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسرائیل کی ذمہ داری، غزہ کے لوگوں کو امداد پہنچانے کی فوری ضرورت اور تمام علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کی طرف سے دیرپا جنگ بندی کے لئے کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ اس مقصد کے لیےان کا ملک آنے والے دنوں میں اردن کے ساتھ مل کر غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیاں شروع کرے گا۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف یہودی آباد کاروں کے تشدد کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے اور کسی بھی یہودی بستیوں کی تعمیر کے کسی بھی نئے منصوبے پر عملدرآمد نہ کرے کیونکہ ایسے اقدامات فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل کے لیے خطرہ ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More