انڈیا: ریاست مدھیہ پردیش میں کُھلے عام گوشت کی فروخت پر 10 دُکانیں مسمار

اردو نیوز  |  Dec 17, 2023

انڈین ریاست مدھیہ پردیش میں غیرقانونی طور پر گوشت فروخت کرنے والی 10 دُکانوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہروں بھوپال اور اُجین میں مسمار کی گئی دُکانیں تین لوگوں کی ملکیت ہیں جو مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رہنما پر حملے میں بھی ملوث تھے۔

مدھیہ پردیش میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دُکانیں مسمار کرنے کی کارروائی وزیراعلیٰ موہن یادیو کے احکامات کی روشنی میں کی گئی ہے جس کے مطابق کھلے عام گوشت فروخت کرنے پر پابندی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ تمام لوگ جو بغیر اجازت کے ایسی دُکانیں چلا رہے ہیں انہیں بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنا کاروبار بند کر دیں ورنہ اُن کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب بھوپال میں مسمار کی گئی دُکانوں کے مالکان کی شناخت فرخ، بلال اور اسلم کے نام سے ہوئی ہیں اور یہ افراد مبینہ طور پر بی جے پی رہنما دیوندر ٹھاکر پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔

ایک مقامی پولیس افسر نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ ان تینوں افراد نے بی جے پی رہنما پر تلوار سے حملہ کیا تھا جس میں اُن کی ہتھیلی ہاتھ سے الگ ہوگئی تھی۔

اس سے قبل ان افراد کو اقدام قتل کے مقدمے میں بھی گرفتار کیا گیا تھا اور اُن کے خلاف مزید 13 مقدمات بھی درج ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More