انڈر 19 ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی فتح: ’زندگی بھر یاد رکھی جانے والی اننگز، آذان اویس ہیرو ہیں‘

بی بی سی اردو  |  Dec 11, 2023

اگر آپ سپورٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں تو سوشل میڈیا فیڈ میں آپ کے لیے کھیلوں سے متعلق خبریں عام طور پر شامل رہتی ہیں اور آج صبح ہمارے لیے تیار ٹوئٹر ٹرینڈز میں سب سے پہلے انڈیا بمقابلہ پاکستان ٹرینڈ تھا جسے دیکھ کر چونکنا لازمی تھا کیونکہ انڈین کرکٹ ٹیم تو جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر ہے۔

یہ دراصل متحدہ عرب امارات میں آئی سی سی انڈر 19 کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ تھا۔

دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے اس پانچویں میچ میں پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر انڈین ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور انڈیا کی نوجوان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں اوپنر آدرش سنگھ، کپتان ادے شنکر اور ساتویں نمبر کے بلے باز سچن داس کی نصف سنچریوں کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔

پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے ہدف کے تعاقب کا پراعتماد آغاز کیا لیکن اسے 28 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شمائل حسین صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد آذان اویس کھیلنے آئے جنھوں نے شاہ زیب خان کے ساتھ 110 رنز کی شراکت کی۔ شاہ زیب نے چار چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ انھیں بھی ابھیشیک نے آوٹ کیا۔

ان کے بعد کپتان سعد بیگ آئے اور انھوں نے آذان اویس کے ساتھ مل کر ناقابل شکست سنچری کی شراکت کی اور 47 اوورز میں مطلوبہ ہدف پورا کر لیا اور پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے واضح جیت سے ہمکنار کیا۔

آذان اویس نے 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے جبکہ سعد بیگ نے جارحانہ انداز میں 51 گیندوں میں 68 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

سوشل میڈیا پر آذان اویس کے چرچے

سوشل میڈیا پر پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی جہاں پزیرائی ہو رہی ہے وہیں انڈیا پاکستان کی مسابقت اور ٹاکرا بھی نظر آ رہا ہے۔

آذان اویس کی عمدہ بیٹنگ کی تعریف ہو رہی ہے جبکہ کچھ لوگ انھیں پاکستان کا مستقبل قرار دے رہے ہیں۔

ایک صارف نے آذان اویس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔‘

بابر عالیان نے لکھا کہ ’زندگی بھر یاد رکھی جانے والی اننگز۔۔۔آذان اویس ہیرو ہیں۔‘

تحسین قاسم نامی صارف نے آذان اویس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’انھوں نے انڈین بولرز پر مکمل برتری دکھائی۔وہ کیا شاندار کھلاڑی ہیں۔‘

ایک صارف نے میچ کا ایک کلپ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی نوجوانوں نے انڈیا انڈر 19 کو ایشیا کپ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ میدان کے سنسنی خیز مناظر، یہ پاکستان کی بڑی جیت تھی۔‘

https://twitter.com/ItachiUchihax10/status/1733843866678137310

اس موقع پر لوگ عبید شاہ کی بھی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں اور لکھ رہے ہیں کہ انھوں نے اپنے بھائی نسیم شاہ کی طرح ہی شاندار بولنگ کی اور دو وکٹیں لیں۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’اب پی سی بی کو نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت کر کے ان کی تربیت کرنی چاہیے۔‘

https://twitter.com/Sikanderbakhts/status/1733858972333973879

فرقان اشفاق نامی صارف نے لکھا کہ ’نوجوانوں نے جس طرح اس مجموعے کا تعاقب کیا وہ یہ بتاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔‘

انڈر 19 کا ایشیا کپ 8 دسمبر سے انڈیا اور افغانستان کے درمیان میچ سے شروع ہوا جس میں انڈیا نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ اسی دن پاکستان کی نوجوان ٹیم نے نیپال کو سات وکٹوں سے شکست دی۔

https://twitter.com/furqan_ashfaq77/status/1733841244609015898

سنہ 2023 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور یہ دو گروپس میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان کی ٹیم دو میچ جیت کر پہلے نمبر پر جبکہ انڈیا دوسرے، افغانستان تیسرے اور نیپال چوتھے نمبر پر ہے۔

گروپ بی میں سری لنکا کی نوجوان ٹیم پہلے، بنگلہ دیش دوسرے، متحدہ عرب امارات تیسرے اور جاپان چوتھے نمبر پر ہے۔

سارے میچز دبئی میں کھیلے جا رہے ہیں جبکہ 17 دسمبر کو فائنل کھیلا جانا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More