Getty Images
امریکہ نے اسرائیل پرزور دیا ہے کہ وہ غزہ میں عام شہریوں کی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کیلیفورنیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیل کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت کرے۔‘
امریکی وزیر دفاعنے کہا کہ ’اگر آپ انھیں دشمن کے حوالے کر دیں گے تو اس حکمت عملی سے آپ اپنی فتح کو شکست میں بدل دیتے ہیں۔‘
انھوں نے اس بات پربھی زور دیا کہ ’امریکہ اپنے دنیا میں سب سے قریبی دوست کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘ تاہم انھوں نے اسرائیلی حکام پر غزہ کی انسانی امداد تک رسائی کو بڑھانے کے لیے بھی دباؤ ڈالا۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی افواج نے عارضی جنگ بندی کے ختم ہوتے ہی جنوبی غزہ میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔
وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کےخطاب سے امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے خطاب میں جنگ کے دوران مصائب کے پیمانے کو ’تباہ کن‘ قرار دیا اور کہا کہ اس جنگ میں بہت سے بے گناہ فلسطینی مارے گئے ہیں۔
’ان کے لیے کہیں بھی محفوظجگہ نہیں حتیٰ کہ یہ ہسپتال بھی نہیں‘EPAفضائی حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے فلسطینیوںکے جنازے میں لواحقینکے ساتھ خان یونس کے نصر ہسپتال کا طبی عملہ دعا گو ہے
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف سے منسلک جیمز ایلڈر نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد ہونے والی بمباری کو بے لگام اور تباہ کن قرار دیا ہے۔
جیمز ایلڈر نے بی بی سی کو جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس علاقے میں مسلسل اپنی بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔
’اسرائیل کی مسلسل بمباری کا نہ تھمنے والا سلسلہ تباہ کن ہے اور بڑے سائز کے بم مسلسل جنوب کے مختلف حصوں میں گر رہے ہیں۔‘
جیمز ایلڈرآج صبح نصر میڈیکل ہسپتال میں تھے جسے وہ ’وار زون‘ قرار دیتے ہیں۔
’یہ ایک ایسا ہسپتال ہے جہاں میں باقاعدگی سے جاتا ہوں اور بچے اور ان کے خاندان اب مجھے جانتے ہیں۔ اب وہی لوگ میرا ہاتھ تھام کے یا قمیض کا کونا پکڑ کر کہہ رہے ہیں کہ براہ کرم ہمیں کہیں محفوظ جگہ لے جائیں۔ بدقسمتی سے اس کا واحد جواب یہ ہے کہ ان کے لیے کہیں بھی محفوظجگہ نہیں حتیٰ کہ یہ ہسپتال بھی نہیں جہاں لوگ صحت یاب ہونے کے لیے آتے ہیں۔
’کئی بچے ایسے آ رہے ہیں جن کے سر پر چوٹیں لگی ہیں۔ کچھ ان خطرناک بموں کے باعث خوفناک حد تک جھلس چکے ہیں ۔‘
Getty Imagesتازہ حملوں میں زخمی ایک بچی کو خان یونس کے النصر ہسپتال لایا جا رہا ہے
اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس پر شدید فضائی حملے کیے ہیں اور رہائشیوں نے اسے اب تک کی سب سے بھاری بمباری قرار دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرقی علاقوں کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ مزید جنوب کی طرف نکل جائیں۔
اسرائیل کا خیال ہے کہ حماس کے کچھ رہنما شہر میں موجود ہیں، جہاں بہت سے شہری شمالی علاقوں سے فرار ہونے کے بعد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی تازہ ترین لہر میں کم از کم 193 افراد مارے گئے ہیں۔
اسرائیل کی دفاعی افواج آئی ڈی ایف نے جمعے کو غزہ میں حماس کے خلاف دوبارہ اپنی کارروائی شروع کیں۔ اس سے قبل اس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے جواب میں فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ اسرائیل کے خلاف حملے میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
Getty Imagesموسم سرما کی بارش نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں دو چند اضافہ کر دیا ہے
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 15,200 سے تجاوز کر گئی ہے۔
جمعے کو عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری دوبارہ شروع کی گئی ہے۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس نے نئے آپریشن کے پہلے دن حماس کے 400 سے زیادہ ’دہشت گردی کے اہداف‘ کو نشانہ بنا گیا ہے۔
بمباری دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے غزہ سے اسرائیل پر بھی باقاعدگی سے راکٹ داغے جا رہے ہیں۔ اس جوابی کارروائی میں سنیچر کی شام تل ابیب اور وسطیٰ اسرائیل کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس حملے کے بعد اسرائیل کی ایمبولینس سروس نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں تل ابیب کے بالکل جنوب میں واقع شہر ہولون میں ایک 22 سالہ شخص کے سر پر ’ہلکی چوٹ‘ آئی ہے جس کا انھوں نے علاج کیا ہے۔
سنیچر کی شام ایک بریفنگ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ’تمام اہداف حاصل کرنے‘ تک اسرائیلی فوجی آپریشن جاری رکھنے کا عہد کیا۔
تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ ’ایک سخت جنگ ہمارے سامنے ہے۔‘
Getty Imagesرجب طیب اردوغانترکی کے صدر کا سخت مؤقف
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ حماس کے خاتمے کا منصوبہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔
ترکی کے نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق اردوغان نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی میں وقفے کے بعد غزہ میں امن کا موقع اسرائیل کے ’نہ سمجھوتہ کرنے والے رویّے‘ کی وجہ سے ضائع ہو گیا ہے۔
این ٹی وی کے مطابق اردوغان نے کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم انسانی بنیادوں پر (جنگ میں) توقف کے بجائے مستقل جنگ بندی کے حق میں ہیں۔۔۔ یہاں امن کا ایک موقع تھا اور بدقسمتی سے ہم نے اسرائیل کے نہ سمجھوتہ کرنے والے رویّے کی وجہ سے موقع بھی کھو دیا ہے۔‘
خیال رہے کہ 24 نومبر کو شروع ہونے والی جنگ بندی میں دو بار توسیع کی گئی تھی۔ سات دنوں کی جنگ بندی کے دوران خواتین، بچوں اور غیر ملکی یرغمالیوں کے ساتھ ساتھ متعدد فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا لیکن ثالث مزید رہائی یا جنگ میں وقفے کا کوئی فارمولا تلاش کرنے میں ناکام رہے۔
خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق انھوں نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی پر دبئی میں ہونے والی سی او پی 28 کے اجلاس سے واپسی پر کہا کہ ترکی غزہ کی پٹی میں نسل کشی پر اسرائیل کو سزا دینے کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں ہر ممکن کوشش کرے گا۔
انھوں نے کہا: ’ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (اسرائیل) کو اس نسل کشی کے لیے سزا دے۔ یہ نہ صرف (اسرائیلی وزیر اعظم) نتن یاہو کی حکومت پر بلکہ ان ممالک پر بھی سیاہ دھبہ ہے جو اس کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔ اور وہ بھی آنے والے برسوں تک اپنی خاموشی کی قیمت ادا کریں گے۔‘
ادھر خان یونس اور مصر کی سرحد پر واقع شہر رفح کچھ ایسے مقامات تھے جنھیں اسرائیل کی جانب سے شدید فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اس حملے کا اگلا مرحلہ جنوبی غزہ پر مرکوز ہونے کا امکان ہے۔
Getty Imagesہسپتالوں کی راہداریوں میں خون
جنگ بندی سے پہلے کے مرحلے میں فلسطینیوں کو شمالی علاقوں کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور لاکھوں شہریوں نے وہاں سے فرار اختیار کیا تھا اور جنوبی علاقوں میں پناہ لی تھی۔ شمالی غزہ کا علاقہ جنگ کے ابتدائی مراحل میں اسرائیل کا بنیادی ہدف تھا۔
آئی ڈی ایف کے عربی زبان کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر نقشے شائع کیے جس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو کن علاقوں سے نکل جانا چاہیے، خان یونس کے مشرق کے علاقوں کے لوگوں کو مزید جنوب میں رفح میں پناہ گاہوں کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے جس سے زمینی حملے کے آغاز کا اشارہ ملتا ہے۔
کئی ہفتوں کی لڑائی کے بعد فلسطینی علاقے غزہ میں محدود وسائل کے ساتھ کام کرنے والے ہسپتال جانی نقصان سے بھر گئے ہیں یہاں تک کہ خان یونس کے ناصر ہسپتال میں کچھ مریضوں کا فرش پر علاج کیا جا رہا ہے۔
چار بچوں کی ماں سمیرا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بمباری کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ’خوفناک ترین رات تھی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’پچھلے چھ ہفتوں میں جب سے ہم یہاں پہنچے ہیں یہ ان بدترین راتوں میں سے ایک تھی جو ہم نے خان یونس میں گزاری ہیں۔۔۔ ہمیں بہت ڈر ہے کہ وہ خان یونس میں داخل ہو جائیں گے۔‘
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر سنیچر کے روز خان یونس میں تھے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ فضائی حملہ دوبارہ شروع ہونے سے پہلے ہی ہسپتال مہلوکین اور زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ راہداریوں میں خون بہہ رہا ہے، وہاں مائیں ایک بار پھر اپنے بچوں کو اٹھائے ہوئے ہیں جو بظاہر مردہ لگتے ہیں۔'
خیراتی ادارے فلسطینی ہلال احمر نے تصدیق کی ہے کہ سنیچر کے روز مصر سے 100 امدادی لاریوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے لیکن جمعہ کے روز علاقے میں انسانی بنیادوں پر کوئی سامان نہیں بھیجا گیا۔
Getty Imagesقطر میں ہونے والے امن مذاکرات بند ہو گئے ہیںجنگ بندی کے مذاکرات بند
ایک اور عارضی جنگ بندی کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے اور سات اکتوبر کو اغوا کیے گئے لوگوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت سنیچر کے روز ختم ہو گئی۔
مذاکرات سے واقف ایک فلسطینی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات مکمل طور پر تعطل کا شکار ہیں، کوئی رابطہ یا کسی نئے جنگ بندی کے منصوبے تک پہنچنے کی کوشش نہیں کی گئی۔
سنیچر کے روز اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ موساد انٹیلی جنس سروس کے اپنے مذاکرات کاروں کو قطر میں جاری مذاکرات سے نکال رہا ہے۔ یہ ایجنٹ ’مذاکرات میں تعطل‘ کے بعد ثالثی کا کام کررہے ہیں۔
حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ صالح العروری نے سنیچر کے روز نیوز چینل الجزیرہ کو بتایا کہ ’اب کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں‘ اور جنگ ختم ہونے تک اسرائیل کے ساتھ مزید قیدیوں کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے مصر کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ ’امریکہ کسی بھی صورت میں غزہ یا مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، غزہ کا محاصرہ کرنے یا سرحدوں کو دوبارہ طے کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔‘
لیکن انھوں نے امریکی موقف کو بھی دہرایا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس سی او پی 28 کے موقع پر دبئی میں اپنی ملاقات کے دوران انھوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے کہا کہ امن کی کوششیں صرف اسی صورت میں کامیاب ہو سکتی ہیں جب ’فلسطینی عوام کے لیے ایک واضح سیاسی افق کے ساتھ ایک نئی فلسطینی اتھارٹی کے زیر قیادت ایک فلسطینی ریاست کے قیام کی طرف قدم بڑھایا جائے۔‘
سنیچر کے روز اپنی مسٹر نتن یاہو نے خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی یرغمالیوں پر مبنی 110 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی تعریف کی۔
انھوں نے ان کے لیے ’جہنم سے واپسی پر خوش آمدید‘ کہا۔
ان یرغمالیوں کو 240 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے رہا کیا گیا ہے۔ ان رہا کیے جانے فلسطینیوں میں خواتین اور نوجوان شامل ہیں۔
غزہ میں باقی تقریباً 140 یرغمالیوں میں سے زیادہ تر مرد اور فوجی اہلکار ہیں۔