دورہ آسٹریلیا کے لیے سکواڈ کا اعلان، صائم ایوب اور خرم شہزاد کی ٹیم میں انٹری

اردو نیوز  |  Nov 21, 2023

اگلے ماہ سے آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی  تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پیر کو 18 رُکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، عبداللہ شفیق، عامر جمال، نعمان علی، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، میر حمزہ، خرم شہزاد، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا اور صائم ایوب شامل ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے صائم ایوب اور خرم شہزاد کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ آل راؤںڈر فہیم اشرف نے بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی ہے۔

صائم ایوب کو رواں برس قائد اعظم ٹرافی میں چار میچوں میں تین سینچریوں کی بدولت 553 رنز بنانے پر سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ خرم شہزاد قائد اعظم ٹرافی میں 36 وکٹیں لے کر ٹاپ بولر بننے کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میر حمزہ بھی قائد اعظم ٹرافی میں 32 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ 

SQUAD ANNOUNCED

Our 18-member squad for the three-match Test series against Australia

Read more https://t.co/eHP9NXPkOu#AUSvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/ioKnv0cBxJ

— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 20, 2023

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز شان مسعود کے بطور کپتان پہلا امتحان ہوگی۔

اسی طرح اس سیریز میں سابق کرکٹر محمد حفیظ گرین شرٹس کے ڈائریکٹر اور کوچ کے طور پر کام کریں گے۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 22 سے 28 نومبر تک راولپنڈی میں لگے گا جبکہ 30 نومبر کو ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوگی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبرکو پرتھ میں شروع ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور تیسرا ٹیسٹ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے اور پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دو میچ کھیلنے کے بعد 100 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More