آسٹریلیا سے ورلڈ کپ ہارنے پر انڈین فین کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

اردو نیوز  |  Nov 21, 2023

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام تو کر لیا لیکن اس جیت نے انڈین شائقین کو مایوس کر کے رکھ دیا ہے۔ 

انڈین اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے شہر تروپتی سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ سافٹ ویئر انجینیئر جیوتی کمار یادیو پر انڈین ٹیم کی شکست کا اس قدر گہرا اثر پڑا کہ وہ یہ صدمہ برداشت ہی نہ کر پائے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائنل میچ کے اختتام پر جب جیوتی کمار نے کپتان روہت شرما کو میدان میں روتے ہوئے دیکھا تو وہ بہت پریشان ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جیوتی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ میچ دیکھ رہے تھے کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے زمین پر گر گئے۔

جیوتی کے اہل خانہ اور دوستوں نے انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا، لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی اور ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ 

فائنل میں انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا چھٹی بار ون ڈے ورلڈ کپ کا عالمی چیمپیئن بن گیا تھا۔

اس شکست کے بعد جہاں انڈین کرکٹ شائقین افسردہ تھے وہیں گراؤنڈ میں انڈین کھلاڑی بھی اشک بار نظر آئے۔  

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More