جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب ادھورا رہ گیا، دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا فائنل میں

بی بی سی اردو  |  Nov 16, 2023

Getty Images

ورلڈ کپ سیمی فائنلز کی تاریخ کے شاید سب سے سنسنی خیز میچ کھیلنے والی دو ٹیمیں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا جب بھی آمنے سامنے آئیں تو یہی امکان ہوتا ہے کہ ایک بہترین میچ دیکھنے کو ملے گا اور کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں آج ایسا ہی ہوا۔

جنوبی افریقہ ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں باہر ہو گئی اور اس کا پہلی بار فائنل تک پہنچنے یا ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آج پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹاپ آرڈر کی جانب سے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کیا گیا جس کے باعث ٹیم ڈیوڈ ملر کی سنچری کے باوجود 212 رنز بنا سکی۔

تاہم جنوبی افریقی بولرز نے اس دوران بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میچ کو 48ویں اوور تک کھینچا لیکن آسٹریلین بولرز نے بھی خوب مقابلہ کیا اور آخری رنز بغیر وکٹ گنوائے حاصل کیا اور یوں آسٹریلیا اپنے چھٹے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا۔

Getty Images

یوں 19 نومبر کو انڈیا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل سنہ 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں تاہم اس میچ میں انڈیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ٹمبا باووما نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

24رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر نے 101 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم پوری جنوبی افریقی ٹیم آخری اوور میں 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

Getty Images

بارش کے امکانات کے ساتھ شروع ہونے والے اس دوسرے سیمی فائنل کے بارے میں آئی سی سی کی جانب سے پہلے ہی کہہ دیا گیا تھا کہ اگر میچ بارش سے متاثر ہوا تو 17 نومبر کو میچ کا آغاز وہیں سے ہو گا جہاں رُکے گا۔

تاہم اس میچ میں آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقہ 24 رنز پر 4 کھلاڑی تھے کہ وہی ہوا جس کا ڈر تھا یعنی بارش نے میچ روک دیا۔ مگر کچھ ہی دیر کے بعد بارش تھم گئی اور میچ کا دوبارہ آغاز ہوا۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹمبا باووما نے کیا مگر باووما مچل اسٹارک کا شکار بنے اور انھیں مچل نے اپنے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے صفر پر آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ کے ابتدائی بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے، سلسلے شروع ہوا کوئنٹن ڈی کوک سے جنھوں نے 3 رنز بنائے اُن کے بعد ایڈن مارکرم 10 رنز اور پھر راسی وین ڈیرڈوسن 6 رنز پر ہیزل ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چار کھلاڑیوں کے پیولین لوٹنے کے بعد ہینرک کلاسن اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو مُشکل سے نکالا اور 95 رنز کی شراکت قائم کی مگر دن اچھا نا ہو تو کیا ہو سکتا ہے یہ پاٹنرشپ تب ٹوٹ گئی جب کلاسن 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا انھوں نے اننگز کے اختتامی اوورز میں 101 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کی۔ ملر کی اننگز میں آٹھ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئٹزی نے 19، مہاراج نے 4 اور ربادا 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم گرتی پڑتی 49.4 اوورز میں 212 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 3,3 کھلاڑیوں کو پیویلین کی راہ دکھائی جبکہ ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Getty Images

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگم کا آغاز پُر اعتماد انداز میں کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے جانے والے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز جارحانہ رہا، اور اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نے دوسری انگز کے ابتدائی 7 اوورز میں 60 رنز کی شاندار کی شراکت تو قائم ہوئی مگر پھر وارنر 29 رنز بنا کر ایڈن مارکم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آسٹریلیا کو دوسرا نقصان تب ہوا جب مچل مارش ربادا کی گیند پر وین دوسان کے ہاتھوں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ ٹریوس ہیڈ 62، مارنس لبوشین 18، اسٹیو اسمتھ 30، میکسویل ایک، اور جوش انگلس 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

193 رنز کے مجموعی سکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد سٹارک اور کمنز نے جنوبی افریقی بولرز کا پُر اعتماد انداز میں سامنا کیا میچ کے آخری اوورز میں کُچھ کیچ بھی ڈراپ ہوئے مگر سٹارک اور کمنز نے میچ آسٹریلیا کو جتوا دیا۔ مچل سٹارک 38 گیندوں پر 19 اور کمنز 29 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

یوں آسٹریلیا اس ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد چھٹی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس سے قبل 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ اب ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو انڈیا کے شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More