Getty Images
انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اپنے دلچسپ اختتام کی طرف بڑھ گیا ہے اور چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
ورلڈ کپ میں کچھ بڑے اپ سیٹ دیکھنے میں آئے اور کچھ ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جن کی وجہ سے ورلڈ کپ شہ سرخیوں میں رہا۔
رواں ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم کی کارکردگی نے سب کو حیران کر دیا۔ افغانستان کی ٹیم نے انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا جیسی سابقہ ورلڈ چیمپیئن ٹیموں کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔
تاہم اس وقت افغانستان سے تعلق رکھنے والے کرکٹر رحمن اللہ گرباز اپنی مہربانی اور خیر کے کام کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں۔
رحمن اللہ گرباز کی وائرل ویڈیو
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دیوالی سے ایک رات پہلے احمد آباد میں تھالتیج ٹیکرا کے قریب دور درشن سینٹر کے قریب ایک شخص فٹ پاتھ پر سوئے لوگوں میں پیسے تقسیم کر رہا تھا۔
احمدآباد کے ایک رہائیشی لو شاہ اس وقت وہاں سے گزر رہے تھے۔ انھوں نے دیکھا کہ ایک شخص سوتے ہوئے لوگوں کے سرہانے پیسے رکھ رہا ہے۔
انھوں نے پتا کیا تو معلوم ہوا کہ یہ شخص افغانستان کے کرکٹر رحمن اللہ گرباز ہیں۔ لو شاہ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں گرباز چند لوگوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں جبکہ سوتے ہوئے لوگوں کے پاس کچھ رکھتے نظر آ رہے ہیں۔
گرباز کے جانے کے بعد لو شاہ وہاں گئے اور دیکھا کہ فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے کئی لوگوں کے پاس 500 روپے کی انڈین کرنسی رکھی تھی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اس پر اپنے تاثرات دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ کھیلنے کے لیے احمد آباد میں تھی۔
Getty Imagesسوشل میڈیا پر ان کے اس عمل کی تعریف
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کے ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’افغانستان سے آیا ایک فرشتہ۔ افغانستان کے صوبہ ہرات میں آنے والے زلزلے کے لیے پیسے جمع کرنے سے لے کر اب غیر ملکی سرزمین پر اپنی ہمدردانہ فطرت کا مظاہرہ کرنے میں لگے ہیں۔ گرباز ہم سب کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔‘
کانگریس کے رکن پارلیمان ششی تھرور نے بھی اس ویڈیو کو پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’افغانستان کے بیٹسمین رحمن اللہ گرباز کا یہ کام حیرت انگیز ہے۔ یہ کسی بھی سنچری سے بڑا کارنامہ ہے جو وہ کبھی سکور کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ کئی سنچریاں سکور کریں گے۔‘
https://twitter.com/ShashiTharoor/status/1723763073033343092
ایک صارف روشن رائے نے لکھا کہ یہی وجہ ہے کہ افغان کھلاڑیوں کو انڈیا میں اتنا پیار ملتا ہے۔ دیوالی کے تہوار میں دیکھا جانے والا یہ بہترین لمحہ ہے۔
راجندر کمبھٹ نامی صارف نے لکھا کہ ’ایک پاک روح اور ایک اچھا انسان ہونے کے لیے کسی کا مذہب کیا ہے یہ بات اہمیت نہیں رکھتی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے کچھ سیاستدان اس سے سبق لیں گے۔ افغانستان کے بلے باز رحمن اللہ گرباز نے ہمیشہ کے لیے انڈین شہریوں کے دلوں میں جگہ بنا لی ہے۔‘
رحمن اللہ گرباز کون ہیں؟
21 سالہ رحمن اللہ گرباز افغانستان ٹیم کے دائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز اور وکٹ کیپر ہیں۔
انھوں نے سنہ 2019 میں ٹی 20 اور سنہ 2021 میں افغانستان کی ون ڈے ٹیم میں ڈیبیو کیا۔ وہ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس جیسی ٹیموں کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔
گرباز نے 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 35 ون ڈے کھیلے ہیں۔ جس میں وہ ون ڈے میں پانچ سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
اس ورلڈ کپ میں انھوں نے نو میچز میں 280 رنز بنائے، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔