Getty Images
نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلورو میں بارش ایک مرتبہ پھر پاکستان پر مہربان ہو گئی اور پہلے ہی بارش کے باعث محدود ہونے والے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
فخر زمان کی دھواں دار سنچری اور بابر اعظم کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے صرف 25 اعشاریہ تین اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنا لیے اور ہر مرتبہ بارش کے باعث پیدا ہونے والے خلل پر پاکستان ڈیل ایل ایس پار سکور سے آگے رہنے میں کامیاب رہا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان کے 11 چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی اننگز نے پاکستان کو وہ آغاز فراہم کیا جس کی پاکستان کو اس پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ضرورت تھی۔ دوسری جانب موجود کپتان بابر اعظم نے اس ورلڈ کپ کی اپنی سب سے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے چھ چوکوں اور دو چوکوں کے 66 رنز بنائے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 402 رنز کا غیرمعمولی ہدف دیا تھا اور جب پہلی مرتبہ بارش نے میچ میں خلل ڈالا تو پاکستان کا 22ویں اوور میں سکور ایک وکٹ کے نقصان پر 160 تھا جو ڈیل ایل ایس پار سکور سے 10 رنز زیادہ تھا۔
پہلی دفعہ بارش رکنے کی وجہ سے پاکستان کا ہدف 402 رنز سے کم کر کے 342 رنز کر دیا گیا جبکہ نو اوورز بھی کم کر دیے گیے۔ یوں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 19.3 اوورز میں 182 رنز بنانا تھا۔
بارش کے وقفے کے بعد بابر اعظم بھی فخر زمان کی طرح جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے اور بنگلورو میں چھکوں اور چوکوں کا تسلسل قائم رہا اور یوں جب دوبارہ بارش کے باعث میچ روکا گیا تو پاکستان کو نیوزی لینڈ پر 21 رنز کی برتری حاصل تھی۔
میچ کا بارش کے باعث کٹ آف ٹائم پاکستانی وقت کے مطابق سات بج کر 10 منٹ تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث پاکستان کو پہلے ہی فاتح قرار دے دیا گیا۔
Getty Imagesآج کے میچ کا احوال
پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے ہیں۔
جواب میں پاکستان نے 21 اعشاریہ تین اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنا لیے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی عبداللہ شفیق ہیں جو چار رنز بنا کر سودی کی گیند پر ولیمسن کو کیچ تھما بیٹھے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کا ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان سو رنز سے زائد کی شراکت ہو چکی ہے جبکہ فخر زمان نے اپنے کریئر کی 11ویں سنچری بھی مکمل کر لی ہے۔ یہ ان کی تیز ترین سنچری ہے۔ 67 گیندوں پر 106 رنز بنا کر اس وقت ہو کریز پر موجود ہیں۔
بابر اعظم اس وقت 47 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
آج کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 11ویں اوور میں حاصل کی۔
حسن علی کی گیند پر ڈیون کونوے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 39 بالوں پر 35 رنز بنائے۔ اس طرح حسن علی کو اپنی 100 ویں ون ڈے انٹرنیشنل کی وکٹ مل گئی۔
نیوزی لینڈ کے بلے باز راچن رویندرا نے 34 ویں اوور میں 88 گیندوں پر سنچری بنائی۔ یہ اس ورلڈکپ میں ان کی تیسری سنچری ہے لیکن 36 ویں اوور میں وہ 108 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
کین ولیمسن، راچن رویندرا کے ساتھ پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے 35 ویں اوور میں 95 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ ہارث رؤف نے 42 اوور میں ڈیرل مچل کی حاصل کی۔ ڈیرل مچل 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مارک چیپمین 45 ویں اوور میں 39 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد محمد وسیم نے ہی گلین فلپس کو 49 ویں اوور میں 41 رنز پر آوٹ کر دیا۔
ٹام لیتھم اور مچل سینٹنر ناٹ آؤٹ رہے۔
Getty Images