عمدہ پاکستانی بولنگ کے سامنے بنگلہ دیش 204 رنز پر ڈھیر: ’ورلڈ کپ دوبارہ شروع کریں ہم اب موڈ میں آئے ہیں‘

بی بی سی اردو  |  Oct 31, 2023

Getty Images

کلکتہ میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 204 رنرز پر آل آؤٹ ہو گئی ہے۔

پاکستانی کو گذشتہ چار میچوں سے لگاتار شکست کے بعد آج جب فیلڈنگ کی دعوت دی گئی تو شاہین آفریدی نے ٹیم کو وہ آغاز فراہم کر دیا جس کی امید ان سے ورلڈ کپ کے آغاز سے کی جا رہی تھی۔

شاہین نے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے تنزید حسن کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر دوسرے اوور میں نجم الحسین شانتو کو بھی آؤٹ کرتے ہوئے پاکستان کو پاور پلے میں بہترین آغاز فراہم کر دیا۔

حارث رؤف جو گذشتہ کئی میچوں سے پاور پلے میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں، آج اپنے پہلے اوور میں ایک بار پھر مہنگے ثابت ہوئے لیکن پھر اس اوور کی آخری گیند پر مشفیق الرحیم کی وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔

آغاز میں ہی تین وکٹیں گرنے کے بعد لٹن داس اور محمود اللہ نے 73 رنز کی اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے بیٹنگ کو سہارا دیا۔ اس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی لیے سنچری بنانے والے واحد بلے باز محمود اللہ کو آج بالآخر بیٹنگ لائن اپ میں اوپر بھیجا گیا تھا اور انھوں نے آج نصف سنچری بنائی۔

تاہم لٹن داس ایک اہم موقع پر افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو پھر بنگلہ دیش کی بیٹنگ دوبارہ سنبھل نہ سکی۔

محمود اللہ 56، لٹن داس 45 اور شکیب الحسن 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے لیکن کوئی بھی بلے باز بڑے ٹوٹل تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

Getty Images

پاکستان کی جانب سے آج ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

حارث رؤف نے مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے تین، تین جبکہ اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ پرفارمنس کے بارے میں اکثر صارفین کا خیال ہے کہ یہ بہت ورلڈ کپ میں بہت دیر بعد جا کر سامنے آئی ہے۔

ہارون نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’ورلڈ کپ دوبارہ سے شروع کرنا چاہیے اب ہم موڈ میں آ گئے ہیں۔‘

https://twitter.com/ThisHaroon/status/1719322709245509697?t=6RgbD0SqDc67V0S301dETQ&s=08

اسی طرح اکثر صارفین شاہین آفریدی کی جانب سے محمود اللہ کو آؤٹ کرنے کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں اور اس کا موازنہ وسیم اکرم کی جانب سے 92 کے ورلڈ کپ فائنل میں ایلن لیمب کو کروائی گئی مشہور گیند سے کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے پاکستان کو اس ہدف کا جلد از جلد تعاقب کرنے کی تلقین کی جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ اگر پاکستان اس ہدف کا 31 اوورز سے پہلے تعاقب کر لیتا ہے تو پاکستان کا نیٹ رن ریٹ مثبت ہو جائے گا۔

https://twitter.com/saleemkhaliq/status/1719324756665929961?t=mQKwLAsoGoFmLTwaSphwTA&s=08

اسی طرح کچھ لوگ روی شاستری پر بھی تنقید کر رہے ہیں جنھوں نے ورلڈ کپ کے آغاز میں کہا تھا کہ شاہین آفریدی وسیم اکرم جیسے بہترین فاسٹ بولر نہیں بس ایک اچھے بولر ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ جب سے روی شاستری نے یہ کہا ہے شاہین اب تک 32 اوورز میں 11 وکٹیں لے چکے ہیں۔

صحافی سلیم خالق نے لکھا کہ ‏’دیر سے ہی سہی پاکستانی پیس بولنگ فارم میں تو واپس آ ہی گئی، یہ درست ہے کہ بنگلہ دیش ورلڈکپ کی سب سے کمزور ٹیم ہے لیکن اچھی کارکردگی جس کے بھی خلاف ہو اسے سراہنا چاہیے۔‘

’شاہین آفریدی، محمد وسیم اور حارث تینوں نے زبردست بولنگ کی جس کی وجہ سے پاکستان نے حریف کو کم تر سکور تک محدود رکھا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More