وادی کیلاش میں 200 لیٹر شراب کی چوری، ’ہم اجتماعی بددعا کریں گے‘

اردو نیوز  |  Oct 30, 2023

پاکستان صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا جب راتوں رات وادی کیلاش ایک شخص کے گودام سے 200 لیٹر دیسی شراب نامعلوم افراد لے اڑے۔

یہ واقعہ اتوار کو بریر گاؤں میں پیش آیا۔

متاثرہ شہری فضل اعظم نے کہا ہے کہ کیلاش فیسٹول چوموس کے لیے انگور سے مقامی مشروب( شراب) تیار کیا تھا جو اب اپنی جگہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ گاؤں میں ہر جگہ ملزمان کی تلاش جاری ہے تاہم تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔‘

’اگر ملوث افراد نے 10 دنوں کے اندر شراب واپس کر کے معافی نہ مانگی تو قبیلے والے مل کر اسے بددعا دیں گے جبکہ دیگر کارروائی بھی کی جائے گی۔‘

مقامی نوجوان عجب کالاش نے اردو نیوز کو بتایا کہ شراب کالاش قبیلے کے ثقافت کا اہم حصہ ہے جس کا استعمال مختلف رسومات کی ادائیگی کے دوران مقامی باشندے کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ’کیلاش میں ہونے والے فیسٹول سے قبل شراب سٹور کرکے رکھی جاتی ہے۔‘

متاثرہ شہری فضل اعظم نے کہا ہے کہ کیلاش فیسٹول چوموس کے لیے انگور سے مقامی مشروب تیار کیا تھا۔’ہمارے عقائد کے مطابق جو شخص ہمیں ضرر پہنچانے کی کوشش کرتا ہے، قبیلے کے تمام افراد مل کر اسے اجتماعی بددعا دیتے ہیں جس کے بہت خوفناک نتائج ہوتے ہیں۔‘

’اکثر ایسے واقعات میں ملوث شخص کو بہت نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔‘

واضح رہے کہ چترال کی کیلاش وادی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے کیلاشی باشندے آباد ہیں جو اپنی مذہبی رسومات یا فیسٹولز میں شراب کا استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More