Getty Images
چنئی میں جاری ورلڈ کپ مقابلے میں پاکستان کی جانب سے 271 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری ہے۔
پہلی اننگز میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی محتاط نصف سنچری اور پھر سعود شکیل اور شاداب خان کے درمیان 84 رنز کی نمایاں شراکت نے بیٹنگ کو سہارا دیا مگر ٹیم 46.4 اوورز کھیل کر 270 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ تبریز شمسی نے چار وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی بلے بازوں پر دباؤ ڈالا۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کا آغاز ہوا تو بابر نے آف سپنر افتخار احمد کو نئی گیند تھما دی مگر یہ فیصلہ طویل عرصے تک نہ چل سکا اور ابتدائی طور پر انھوں نے دو اوورز میں بغیر کسی کامیابی کے 15 رنز دیے۔
دوسری اینڈ سے شاہین آفریدی نے ابتدائی چار اوورز میں 26 رنز دیے مگر اس دوران وہ کوئنٹن ڈی کاک کی اہم وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد وسیم جونیئر نے دلائی۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما کو 28 رنز پر ایک اچھے باؤنسر کی مدد سے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد راسی وین ڈیرڈوسن اور ایڈن مارکرم کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جیسے ہی اسامہ میر کو اٹیک میں لایا گیا، انھوں نے وین ڈیرڈوسن کو 21 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وسیم نے کلاسن کو بھی شارٹ گیند پر آؤٹ کیا۔
Getty Imagesپاکستانی بیٹنگ کے اتار چڑھاؤ
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر عبد اللہ شفیق اس بار اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور مارکو جینسن کی گیند پر پُل شاٹ لگانے کی کوشش میں نو رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے اوپنر امام الحق کی وکٹ ساتویں اوور میں 38 رنز پر گری۔ وہ جینسن کی گیند پر 12 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 48 رنز کی شراکت اس وقت ٹوٹی جب رضوان جیرالڈ کوٹزی کے باؤنسر کو قابو میں نہ رکھ سکے اور 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
ایک طرف وکٹیں گرتی رہیں مگر دوسرے طرف کپتان بابر اعظم کریز پر جمے رہے۔ افتخار احمد تبریز شمسی کا شکار بنے جبکہ بابر بھی انھی کی گیند پر سویپ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد سعود شکیل اور شاداب خان کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 84 رنز کی نمایاں شراکت قائم ہوئی۔ شاداب کے 43 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل بھی نصف سنچری بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی دستویں وکٹ 47ویں اوور میں گری لیکن لوئر آرڈر کی کوششوں کے بدولت ٹیم نے مجموعی طور پر 270 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے سپنر تبریز شمسی نے 10 اوورز میں 60 رنز دے کر چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔
https://twitter.com/AhmerNajeeb/status/1717582095084630086
’سعود شکیل نے عاقب جاوید کی تنقید کو سنجیدگی سے لیا‘
میچ سے قبل سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کا سعود شکیل سے متعلق کیا گیا تبصرہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
سنو نیوز کے ایک پروگرام میں عاقب جاوید نے کہا تھا کہ ’جو بِگ ہٹر ہمیں مل گیا ہے، اس کی پانچ فُٹ چھ انچ ہائٹ ہے۔ اس کی اتنی اتنی ٹانگیں اور بازو ہیں۔‘ وہ ان کا موازنہ جنوبی افریقہ کے کلاسن سے کر رہے تھے۔
ان کے اس تبصرے کے دوران جہاں اینکر ہنستے رہتے ہیں وہیں عاقب طنزیہ انداز میں یہ کہتے ہیں کہ سعود شکیل اس رول کے لیے موزوں نہیں۔
مگر اس میچ میں سعود شکیل نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔
https://twitter.com/aquidtweets/status/1717870550826295599
سوشل میڈیا پر کئی صارفین ان کی بیٹنگ کو عاقب جاوید کی تنقید کا جواب قرار دے رہے ہیں۔
احمر نجیب نامی صارف نے لکھا کہ ’سعود اچھے بیٹر ہیں اور انھوں نے آج اچھی شاٹس کھیلیں۔ اپنا تجزیہ دیں، کھلاڑیوں کی تذلیل نہ کریں۔‘
عاقد نے سعود شکیل کی ففٹی پر کہا کہ ’سعود شکیل نے انھی چھوٹے ہاتھوں اور ٹانگوں سے نصف سنچری بنا لی۔‘
نادرا نامی صارف کہتی ہیں کہ نیشنل ٹی وی پر بات کرنے کا یہ طریقہ ٹھیک نہیں اور اینکر انھیں روکنے کے بجائے خود ہنس رہے تھے۔ وانشیکا نے کہا کہ لگتا ہے ’سعود شکیل نے عاقب جاوید کی تنقید کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔‘
https://twitter.com/naadiisporty/status/1717644350723875213
https://twitter.com/vanshikaaaa123/status/1717865606559764668