پاکستان کرکٹ ٹیم میں اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد: پی سی بی

اردو نیوز  |  Oct 23, 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم  میں اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت انڈیا میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے موجود ہے۔

جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی صحافی نے خبر دی تھی کہ کھلاڑیوں کی آپس میں لڑائی ہوئی ہے۔

صحافی کے اس ٹویٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹیم میں لڑائی جھگڑے اور اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے اِن خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم میں اندرونی اختلافات موجود ہیں۔‘

پی سی بی نے مزید کہا کہ ’کچھ میڈیا میں پھیلائی جانے والی ان افواہوں کے ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پرزور انداز میں اس بات کا یقین دلایا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی ہے اور ایسے کوئی بھی شواہد موجود نہیں ہیں جن سے ٹیم میں اختلافات کے ان بے بنیاد دعووں کو تقویت ملے۔‘

اس کے علاوہ پی سی بی نے اس خبر پر سخت مایوسی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ 

PCB statement pic.twitter.com/qo8mFoVqq1

— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 23, 2023

خیال رہے پاکستان ٹیم نے جاری ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کامیابی سے کیا تھا جس کے بعد انہیں سری لنکا کے خلاف بھی جیت حاصل ہوئی تھی۔

اُس کے بعد گرین شرٹس کو روایتی حریف انڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پھر جمعے کو آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو شکست دے دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More