پاکستان کو ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری شکست، آسٹریلیا نے 62 رنز سے ہرا دیا

بی بی سی اردو  |  Oct 20, 2023

Getty Images

بینگلورو میں ورلڈ کپ کے 18ویں میں آج پاکستان کو آسٹریلیا نے 62 رنز سے شکست دے دی ہے اور یوں پاکستان اب پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔

چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جب کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو اکثر افراد کے لیے یہ خاصی حیرت کی بات تھی کیونکہ یہ پچ بڑے ٹوٹل کے لیے جانی جاتی ہے۔

آسٹریلوی اوپنرز نے اپنی اننگز میں چھکے، چوکوں کی برسات کر کے پاکستان کو میچ میں شروعات میں ہی دباؤ میں ڈال دیا۔ اس دوران پاکستان کی ناقص فیلڈنگ نے بھی اپنا کردار ادا کیا کو اور پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کےہدف کا تعاقب کرنا پڑا۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نےسنچری شراکت کے ساتھ ایک اچھا آغاز فراہم کیا تھا تاہم عبداللہ شفیق 64، اور امام الحق 70 رنزپر مارکس سٹوئنس کی بولنگ پر آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد سے کوئی بھی بلے باز نصف سنچری بنانے میں ناکام رہا۔

کپتان بابر اعظم صرف 18 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اور یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ اس وکٹ کے بعد سعود شکیل نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ پیٹ کمنز کی گیند پر 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

افتخار احمد نے بھی آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی اننگز میں تین چھکے لگائے، تاہم انھیں زیمپا نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ پاکستان کی وکٹیں اس کے بعد سے یکِ بعد دیگرے گرنا شروع ہوئیں اور آخری اوورز میں کوئی بھی بلے باز کریز پر رکنے میں ناکام رہا۔

Getty Imagesآسٹریلیا کی اننگز میں کیا ہوا؟

اس میچ کے آغاز سے پہلے سب کی نظریں شاہین شاہ آفریدی پر ٹکی ہوئی تھیں کیونکہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، تاہم آج وہ بہتر فارم میں نظر آئے اور آغاز میں ہی ڈیوڈ وارنر کا کیچ نکالنے میں کامیاب ہوئے لیکن اسامہ میرنے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔

یہ کیچ بہت آسان تھا اور مڈ آن پر کھڑے اسامہ جو اس ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔ انھیں اس میچ میں نائب کپتان شاداب خان کی جگہ شامل کیا گیا تھا۔

یہاں سے پاکستانی بولرز کی وہ درگت بننی شروع ہوئی کہ ایک موقع پر ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا پاکستان کے خلاف 400 سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے 163 اور مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو ایک ایسی بنیاد فراہم کی جس کے بعد باقی بلے بازوں کی جانب سے ایک اچھی شراکت بھی انھیں 400 رنز تک پہنچا سکتی تھی۔

تاہم دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی بیٹنگ زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹک نہ سکی اور جہاں پہلے دو بلے بازوں نے 283 رنز بنائے وہاں باقی تمام بلے باز 84 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

پاکستانی بولرز جو شروعات کے لگ بھگ 34 اوورز میں کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے آخری 16 اوورز میں نو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جس میں شاہین آفریدی کی پانچ اور حارث رؤف کی تین وکٹیں شامل ہیں۔

وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

اس شراکت کو توڑنے والے شاہین آفریدی نے 34 ویں اوور میں پہلے مچل مارش اور پھر گلین میکسویل کو اوپر تلے دو گیندوں پر آؤٹ کر کے پاکستان کا بولنگ میں کم بیک کرنے کی راہ ہموار کی۔

آسٹریلیا کے باقی تمام بلے باز صرف 108 رنز ہی بنا سکے۔ مارکس اسٹوئنس 21، جوش انگلس 13، لبوشین 8، پیٹ کمنز 6، مچل اسٹارک 2 رنز بناسکے ،کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔

Getty Images
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More