سابق انڈین کپتان گنگولی کی پاکستان پر تنقید، ’بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہیں کرسکتی‘

اردو نیوز  |  Oct 18, 2023

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے پاکستان کی بیٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس کے لیے ورلڈ کپ میں اس نوعیت کی بیٹنگ  کے ساتھ کم بیک کرنا مشکل ہوگا۔

انڈین چینل ’ٹائمز ناؤ‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے گنگولی کا کہنا تھا کہ ’ہمارے وقت میں پاکستان کی ٹیم بہت مختلف تھی اور جس ٹیم کے خلاف ہم کھیلتے تھے وہ ایسی بالکل نہیں تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ’بیٹنگ کے دوران دباؤ ہی برداشت نہیں کرسکتی۔‘

خیال رہے 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستان کی بیٹنگ لائن انڈیا کے خلاف ناکام ہوگئی تھی اور گرین شرٹس یہ میچ سات وکٹوں سے ہار گئے تھے۔

پاکستانی بیٹرز نے جب انڈیا کے خلاف اننگز کی شروعات کی تھی تو ایسا لگ رہا تھا جیسے پاکستان اس میچ میں انڈیا کے خلاف کوئی بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گا، لیکن امام الحق، بابر اعظم اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر وکٹ پر نہیں ٹِک سکا۔

پاکستان کا ٹوٹل ایک وقت میں 31 ویں اوور میں 155 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ تھا اور پھر ٹیم کی باقی آٹھ وکٹیں صرف 36 رنز پر گر گئیں تھیں۔

گنگولی نے پاکستان کی بیٹنگ پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے لیے اس بیٹنگ کے ساتھ ورلڈ کپ میں کم بیک کرنا بہت مشکل ہوگا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More