ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Oct 17, 2023

انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پیر کو لکھنؤ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے 210 رنز کے تعاقب میں مچل مارش اور جوش انگلس نے نصف سینچریاں سکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ مارنس لبوشین نے 40 اور گلین میکس ویل نے 31 رنز بنائے۔

سری لنکا کے اوپنرز پتھم نسانکا نے 67 گیندوں پر 61 اور کوشل پریرا نے 82 گیندوں پر 78 رنز بناکر اپنی ٹیم کو ایک اچھا سٹارٹ دیا لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت نہیں کرسکا۔

سری لنکا کے آٹھ کھلاڑی دس کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے اور اس طرح پوری ٹیم صرف 44 ویں اوور میں آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھو شانکا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے سپنر ایڈم زمپا نے آٹھ اوورز میں 47 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور ’پلیئر آف دا میچ‘ قرار پائے۔ ان کے علاوہ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ گلین میکس ویل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 

خیال رہے آسٹریلیا اس ورلڈ کپ میں اب تک تین میچ کھیل چکی ہے اور سری لنکا کے خلاف فتح اس ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی جیت ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم 20 اکتوبر کو اپنا اگلا میچ پاکستان کے خلاف بنگلور میں کھیلے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More