’طلاق کی خبر سچ ہے،‘ جنید صفدر نے اہلیہ سے علیحدگی کی تصدیق کردی

اردو نیوز  |  Oct 12, 2023

سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے اہلیہ عائشہ سیف سے علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے۔

جمعرات کو انسٹاگرام پر اپنے تصدیق شُدہ اکاؤنٹ سے ایک سٹوری میں جنید صفدر نے لکھا کہ ’میری طلاق کی خبر سچ ہے۔ یہ خالصتاً ذاتی معاملہ ہے اور میں میڈیا سے درخواست کروں گا کہ ہماری پرائیوسی کا احترام کریں۔‘

خیال رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر دسمبر 2021 میں عائشہ سیف کے ساتھ رشتہ ازداوج میں منسلک ہوئے تھے۔

اس شادی میں خاندان کے تمام افراد شریک ہوئے تھے تاہم نواز شریف لندن میں موجودگی کے سبب لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والی شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

اہلیہ سے علیحدگی کے حوالے سے جنید صفدر نے انسٹاگرام سٹوری میں مزید لکھا کہ ’مجھے امید ہے ان شا اللہ اس فیصلے سے ہمیں سکون میسر آئے گا۔‘

جنید صفدر نے مزید لکھا کہ ’میں اس معاملے پر مزید کچھ نہیں بولوں گا۔ میں اُن (عائشہ سیف) کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔‘

یاد رہے کہ جنید صفدر کی سابق اہلیہ عائشہ سیف، سابق وزیراعظم نواز شریف کی دوسری حکومت میں احتساب کمیشن کے سربراہ رہنے والے سینیٹر سیف الرحمان کی صاحبزادی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More