پاکستان کا نیدرلینڈز کو 287 رنز کا ہدف: ’بولرز چھکے مار رہے ہیں اور ٹاپ آرڈر سے کھیلا نہیں جا رہا‘

بی بی سی اردو  |  Oct 06, 2023

Getty Images

انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ہونے والے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا ہے۔

نیدر لینڈز کی جانب سے آج میچ کے ہر فیز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور رضوان اور سعود شکیل کی 120 رنز کی شراکت کے علاوہ پورے میچ میں ڈچ ٹیم کا پلڑہ ہی بھاری رہا۔

پاکستان کی جانب سے ٹاپ آرڈر کے تینوں کھلاڑی نیدرلینڈز کی تپی تلی بولنگ کے سامنے خاصے محتاط دکھائی دیے جس کے باعث جلد ہی دباؤ بڑھنے پر انھیں اپنی وکٹیں گنوانی پڑیں۔

پاکستان کے اوپنر فخر زمان جو پہلے ہی خاصے آؤٹ آف فارم ہیں آج بھی صرف 12 رنز ہی بنا سکے جبکہ ان کے ساتھی امام الحق بھی 15 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

ایشیا کپ سے پہلے تک پاکستان کا ٹاپ آرڈر بہترین فارم میں تھا جبکہ مڈل آرڈر پر سوالیہ نشان تھے تاہم اب پاکستان کے دونوں اوپنر گذشتہ کئی میچوں سے بھاری رنز بنانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم آج بابر اعظم بھی صرف پانچ ہی رنز بنا سکے اور ڈچ سپنر ایکرمین کا شکار بنے۔

پاکستانی اننگز کو سعود شکیل اور محمد رضوان کی 120 رنز کی شراکت کے باعث سہارا ملے لیکن صورتحال اس وقت یکسر تبدیل ہوئی جب دونوں چند ہی اوورز کے اندر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے لوئر آرڈر نے ایسے موقع پر قدرے بہتر بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز کا اضافہ کیا جس میں شاداب اور نواز کی 32 اور 39 رنز شامل تھے۔

نیدرلینڈز کے سپنرز نے جہاں آج بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا وہیں فاسٹ بولر باس ڈی لیڈ نے اہم موقع پر چار وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

ڈچ سپنر ایکرمین نے دو جبکہ اننگز کا پہلا اوور کروانے والے آریان دت نے اپنے دس اوورز میں صرف 48 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تاہم جہاں نیدرلینڈز کی بولنگ کی تعریف بنتی ہے وہیں پاکستان بلے بازوں کی جانب سے کھیلی گئی غیر ذمہ دارانہ شاٹ سیلیکشن کا ذکر بھی ضروری ہے جس کے باعث نیدرلینڈز کو میچ کے ہر مرحلے میں وکٹیں ملتی رہیں۔

ایسی ہی تنقید اس وقت سوشل میڈیا پر بھی سننے کو مل رہی ہے جہاں اکثر افراد پاکستان کی کارکردگی پر تنقید کرنے کے ساتھ نیدرلینڈز کی قدرے کمزور ٹیم کے سامنے بکھرنے کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

Getty Images

https://twitter.com/NoyanWazir/status/1710268836081983744?t=bVt3iBBYNCYWq0-LaePN4g&s=08

محب اللہ نامی صارف نے پاکستانی اننگز کا خلاصہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان بلے بازوں نے آج ناقص کارکردگی دکھائی اور دباؤ برداشت نہیں کر پائے۔

انھوں نے لکھا کہ ’یہ بیٹنگ کی مہارت میں فقدان کی وجہ سے تھا، دیکھ کر مایوسی ہوئی۔‘

https://twitter.com/hamxashahbax21/status/1710268809112855011?t=3endD_ONheqk6lWxUx9TlQ&s=08

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان بولرز چھکے مار رہے ہیں لیکن ٹاپ آرڈر سے کھیلا نہیں جا رہا اور مڈل آرڈر کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا کرنا ہے، یہ آخر کیا ہو رہا ہے۔‘

تاہم اکثر صارفین کا خیال ہے کہ پاکستانی بولنگ اس ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جائے گی اور پاکستان نے ایک مشکل صورتحال سے بہترین واپسی کی ہے۔

بہت سے صارفین کا یہ بھی خیال ہے کہ نیدرلینڈز نے آج جیسی بولنگ اور فیلڈنگ کی ہے، وہ تعریف کے مستحق ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More