ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 351 رنز بنائے اور جواب میں پاکستان کیپوری ٹیم 337 رنز بنا کر اڑتالیسویں اوور آؤٹ ہو گئی۔
انڈین شہر حیدرآباد میں کھیلے جانے والے اس وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔
گلین میکسویل 77 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے جبکہ کیمرون گرین 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48 ،48 رنزکی اننگز کھیلی جبکہمارنس لبوشان نے 40، مچل مارش نے 31 اور سٹیو سمتھ نے 27 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے مارنس لبوشان نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پیٹ کمنز نے چھ اوور میں 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل اور شان ایبٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ مچل مارش کو بھی دو کامیابیاں ملیں۔ سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔
پاکستان کی اننگز کا احوال
آج پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کے بجائے شاداب خان کر رہے تھے۔ پاکستان کا آسٹریلیا کے 352 رنز کے تعاقب میں آغاز اتنا اچھا نہیں رہا۔ فخر زمان 22 جبکہ امام الحق صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔ عبداللہ شفیق نے 12 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے۔ افتخار احمد 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مگر آج کے میچ کی خاص بات پاکستان کے مڈل آرڈر کی اچھی پرفارمنس تھی۔ پاکستان کے تین کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔
تسیرے ففٹی سکور کرنے والے محمد نواز 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسامہ میر 15 رنز بنا کر باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کو ایک آسان کیچ تھما بیٹھے۔
اسامہ میر نے آج کے میچ پانچ اوورز میں 31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
محمد نواز، شاداب خان، حارث رؤف اور محمد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے چھ اوورز میں 25 رنز دیے مگر انھیں آج کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
https://twitter.com/usmancric1/status/1709084625727840624
سوشل میڈیا پر ردعمل: ’پاکستان سے باہر لوگ بابر اعظم کے لیے ٹی وی سیٹ آن کرتے ہیں‘
سپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے لکھا کہ بابر اعظم تو ’ریڈ ہاٹ فارم‘ نظر آتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارف اسامہ نے بابر اعظم کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تصویر کے نیچے لکھا کہ ایلن مسک کو اب لائیک کا بٹن تبدیل کر دینا چاہیے۔
https://twitter.com/hamxashahbax21/status/1709247686602523122
حمزہ نامی صارف نے تو کمنٹری سے بابر اعظم کے لیے وہ لائن ہی ٹویٹ کر دی جس کے مطابق ’ہمیں بابراعظم کو دنیا بھر میں حاصل ہونے والی پذیرائی پر داد دینی ہو گی۔ پاکستان کے باہر بہت سے لوگ صرف بابر اعظم کو دیکھنے کے لیے اپنے ٹی وی سیٹ آن کرتے ہیں۔‘
https://twitter.com/BellaMorne/status/1709264623797440532
سوشل میڈیا پر سابق آسٹریلین کھلاڑی اور کمنٹیٹر میتھیو ہیڈن کی کمنٹری کا چرچا ہے۔ انھوں نے رمیز راجہ کے ساتھ کمنٹری کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے نظم و ضبط کی تعریف کی اور یہ بھی رائے دی کہ پاکستان کی ٹیم کا جذبہ اسلام ہے اور یہی وہ چیز ہے جو انھیں ڈسپلن اور باہمی عزت و احترام سکھاتی ہے۔
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ میں اس جذبے کی بہت تعریف کرتا ہوں کیونکہ کرکٹ میں ڈسپلن چاہیے ہوتا ہے جبکہ اسلام سب سے زیادہ ڈسپلن والا مذہب ہے۔
https://twitter.com/VikrantGupta75/status/1709234865521209669
وکرانت گپتا نامی صارف نے لکھا کہ آج کے دن ڈیوڈ وارنر توجہ کا مرکز رہے، خوشی ہے کہ ’کلاس‘ کو سراہا جا رہا ہے۔