’عمر صرف ایک نمبر‘، 104 برس کی خاتون کی طیارے سے سکائی ڈائیو

اردو نیوز  |  Oct 03, 2023

سکائی ڈائیو کرنے کے بعد شکاگو کی 104 سالہ خاتون کا نام معمر ترین انسان کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈوروتھی ہافنر واکر کے سہارے چلتی ہیں۔ انہوں نے شمالی الینوئے میں انسٹرکٹر کی مدد سے کامیابی سے سکائی ڈائیو کیا۔

سکائی ڈائیو کے بعد ڈوروتھی ہافنر نے کہا کہ ’عمر صرف ایک نمبر ہے۔‘

2022 میں سویڈن کی 103 سالہ لینیا انغیارد لارزون نے سکائی ڈائیو کیا تھا اور ان کا نام بطور معمر ترین انسان گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔

تاہم شکاگو کا سکائی ڈائیو کا ادارہ ڈوروتھی ہافنر کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ڈوروتھی ہافنر نے پہلی مرتبہ 100 سال کی عمر میں سکائی ڈائیو کیا تھا۔

پہلی مرتبہ سکائی ڈائیو کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کو طیارے سے کودنے کے لیے مدد کی ضروت تھی لیکن اتوار کو امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے تصدیق شدہ انسٹرکٹر کے ساتھ مل کر خود ڈوروتھی ہافنر نے 13 ہزار 500 فٹ یا چار ہزار 100 میٹر سے چھلانگ لگانے پر اصرار کیا۔

سکائی ڈائیو کے وقت وہ پُرسکون اور پُراعتماد نظر آئیں۔ ڈائیو کا دورانیہ سات منٹ تھا۔ سکائی ڈائیو مکمل کرنے کے بعد وہ آرام سے لینڈنگ کر گئیں۔  

ڈوروتھی ہافنر واکر کے سہارے چلتی ہیں۔ (فوٹو: اے پی)کامیابی سے سکائی ڈائیو کے بعد ان کے دوست ان کو مبارکباد دینے پہنچے اور پوچھا کہ ان کو کیسے محسوس ہو رہا ہے۔

ڈوروتھی ہافنر کا کہنا تھا کہ ’شاندار لیکن اوپر فضا میں زبردست محسوس ہو رہا تھا۔ خوشگوار تجربہ تھا اور حیران کن، اس سے زیادہ اچھا نہیں ہو سکتا تھا۔‘

دسمبر میں ڈوروتھی ہافنر 105 برس کی ہو جائیں گی۔ وہ ہاٹ ایئر بیلون میں سوار ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق وہ کبھی بھی ہاٹ ایئر بیلون میں سوار نہیں ہوئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More