ایشین گیمز: ہاکی میں انڈیا نے پاکستان کو 10 گول سے ہرا دیا

اردو نیوز  |  Oct 01, 2023

19 ویں ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں انڈیا نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے دی۔

سنیچر کو چین کے شہر ہونگزو میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید اور صفیان خان نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ انڈیا کی جانب سے ان کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے چار گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ورون کمار نے دو جب کہ لالیت کمار، شمشیر، مندیپ سنگھ، اور سومیتھ اور ایک ایک گول کیا۔

پاکستان اپنا اگلا میچ دو اکتوبر کو جاپان سے کھیلے گا، سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کا یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ پاکستان کی ہار کی صورت میں جاپان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔

قبل ازیں سنیچر کو ہی سکواش کے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں بھی انڈیا نے پاکستان کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

پاکستان کی طرف سے ناصر اقبال نے مہیش منگوکر کو پہلی میچ میں شکست دی، تاہم اس کے بعد محمد عاصم خان کو سورو گھوسل اور نور زمان کو ابھے سنگھ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان کا یہ پہلا چاندی کا تمغہ ہے جبکہ انڈیا نے دسواں گولڈ میڈل اپنے نام کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More