’تباہ کن فیصلہ‘، ڈونلڈ ٹرمپ دھوکہ دہی سے اثاثے بنانے کے ذمہ دار قرار

اردو نیوز  |  Sep 27, 2023

نیویارک کے جج نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دھوکہ دہی سے جائیدادیں اور دیگر اثاثے بنانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یہ سابق امریکی صدر کے لیے ایک بڑی شکست تصور کی جا رہی ہے جو ان کے کاروبار کرنے کی اہلیت کو متاثر کر سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مین ہٹن میں نیویارک کی ریاستی عدالت کے جسٹس آرتھر اینگورون کا سخت فیصلہ ریاست کے اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز کے لیے دو اکتوبر کو طے شدہ مقدمے کی سماعت میں ہرجانے کا تعین آسان بنا دے گا۔

جسٹس آرتھر اینگورون نے ان سرٹیفکیٹس کی منسوخی کا بھی حکم دیا ہے جو ٹرمپ آرگنائزیشن سمیت ٹرمپ کے کچھ کاروباروں کو نیویارک میں کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔

جج نے بتایا کہ کس طرح ٹرمپ، ان کے بالغ بیٹوں ڈونلڈ جونیئر اور ایرک، ٹرمپ آرگنائزیشن اور دیگر مدعا علیہان نے اپنی کاروباری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فائدے حاصل کیے اور ٹرمپ کی مجموعی مالیت کو بڑھایا۔

جسٹس آرتھر نے لکھا کہ ’یہ ایک خیالی دنیا ہے، حقیقی دنیا نہیں۔‘

ٹرمپ اور دیگر مدعا علیہان نے موقف اپنایا کہ وہ کبھی دھوکہ دہی کے مرتکب نہیں ہوئے اور چیلنج شدہ لین دین منافع بخش تھا۔ وہ جسٹس اینگورون کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ کے وکیل کرسٹوفر کس نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج کا اشتعال انگیز فیصلہ حقائق اور گورننگ قانون سے مکمل طور پر الگ ہے۔ صدر ٹرمپ اور ان کا خاندان انصاف کے عمل کے نقص کو دور کرنے کے لیے تمام دستیاب آپشنز استعمال کرے گا۔‘

اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے باقی کیس کو ٹرائل میں پیش کرنے کی منتظر ہیں۔

یونیورسٹی آف مینیسوٹا لاء سکول کے ممتاز سکالر بل بلیک سمجھتے ہیں کہ ’یہ ایک تباہ کن فیصلہ ہے۔ کاروباری سرٹیفکیٹ کی منسوخی سے ٹرمپ کے رقم بنانے کی صلاحیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More