ورلڈ کپ 2023: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان، نسیم شاہ کی جگہ حسن علی ٹیم میں شامل

بی بی سی اردو  |  Sep 22, 2023

Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کی کپتانی میں ورلڈ کپ 2023 کے سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ کی ناکامی کے بعد انجریز اور کھلاڑیوں کے آؤٹ آف فارم ہونے کے مسائل درپیش تھے جس کے باعث سکواڈ کے اعلان میں تاخیر کی گئی۔

نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے مگر حارث رؤف کی صحتیابی اور واپسی نے فاسٹ بولنگ اٹیک میں کچھ حد تک جان ڈالی ہے۔

جبکہ سپنر شاداب خان اور اوپنر فخر زمان کی فارم پر نظرین ورلڈ کپ کے دوران بھی جمی رہیں گی۔

اسی کے ساتھ کچھ ایسے کھلاڑیوں کا سکواڈ میں کوئی ذکر نہیں جن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں، جیسے سابق وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد، سپن آل راؤنڈر عماد وسیم یا فاسٹ بولر محمد عامر۔

جمعہ کے روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایک پریس کانفرنس میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا۔

پاکستانی سکواڈ میں 15 ریگولر پلئیر اور تین ریزرو پلئیر شامل ہیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، محمد وسیم جونئیر، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے۔

جبکہ سکواڈ کے ساتھ جانے والے تین ریزرو کھلاڑیوں میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان شامل ہیں۔

ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ’ہمیں صرف ایک تبدیلی پر مجبور ہونا پڑا ہے جس کا تعلق بدقسمتی سے نسیم شاہ کی انجری سے ہے۔ ہمیں ایشیا کپ کے دوران بھیکچھ کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملات کا سامنا رہا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ایونٹ میں بہترین پرفارمنس کے لیے ُپرعزم ہیں۔‘

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بولر حارث رؤف کی فٹنس کے بارے میں میڈیکل پینل کی طرف سے حوصلہ افزا رپورٹس ملی ہیں جس کے بعد حارث نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بولنگ شروع کردی ہے اور وہ سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

انضمام الحق نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان لا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گی جبکہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف ہو گا۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا آغاز عالمی نمبر ایک رینکنگ کی ٹیم کی حیثیت سے کرے گی۔ پاکستانی ٹیم 2019 کے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ سے کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی تھی جو ورلڈ کپ کی رنرزاپ رہی تھی۔

پاکستان کے سکواڈ میں شامل کھلاڑی درج ذیل ہیں:

بابر اعظم (کپتان)

بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بابر اعظم پاکستانی ٹیم کی کپتان ہوں گے۔ وہ ماضی میں ورلڈ کپ مقابلوں کا حصہ رہے ہیں۔

بابر نے اب تک کُل 108 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 58.16 کی بیٹنگ اوسط سے 5409 رنز بنائے ہیں، ان میں 28 نصف جبکہ 19 سینچریاں شامل ہیں۔

فخر زمان

فخر زمان بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 11ویں نمبر پر ہیں۔ فخر بھی ماضی میں ورلڈ کپ مقابلوں کا حصہ رہے ہیں۔

فخر نے اب تک 78 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 45 کی بیٹنگ اوسط سے 3272 رنز بنائے ہیں۔ اس میں اُن کی 15 نصف سنچریاں اور 10 سنچریاں شامل ہیں۔

عبداللہ شفیق

عبداللہ شفیق نے اب تک صرف چار ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 20 کی بیٹنگ اوسط سے صرف 80 سکور بنائے ہیں اور اب تک ایک روزہ میچوں میں اُنھوں نے صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔

یہ ان کا پہلا کرکٹ ورلڈ کپ ہو گا۔

امام الحق

امام الحق بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پرہیں۔

امام نے اب تک 66 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 50.44کی بیٹنگ ایوریج سے 2976 رنز بنائے ہیں۔ اس میں 19 نصف سنچریاں اور نو سنچریاں شامل ہیں۔

وہ ماضی میں ورلڈ کپ مقابلوں کا حصہ رہے ہیں۔

سلمان علی آغا

سلمان نے 18 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے قریب 40 کی بیٹنگ ایوریج سے 436 رنز بنائے ہیں جن میں اُن کی 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یہ ان کا پہلا ورلڈ کپ ہو گا جس میں وہ شمولیت اختیار کریں گے۔

افتخار احمد

افتخار احمد بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 98ویں نمبر پر ہیں۔

افتخار نے 19 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 47 کی بیٹنگ ایوریج سے 472 رنز بنائے ہیں جن میں اُن کی ایک نصف اور ایک سنچری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ افتخار نے ان 19 میچوں میں 480 رنز دے کر 12 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

محمد رضوان (وکٹ کیپر)

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان عالمی رینکنگ میں 47ویں نمبر پرہیں۔

رضواننے 65 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 36.80کی بیٹنگ ایوریج سے 1693 رنز بنائے ہیں جن میں 12 نصف اور 2 سنچریاں شامل ہیں۔

شاداب خان (نائب کپتان)

شاداب خان بولرز کی عالمی درجہ بندی میں ستاون (57) نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی عالمی فہرست میں 13ویں نمبر پر ہیں۔

شادابنے 64 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 26.21کی بیٹنگ ایوریج سے 734 رنز بنائے ہیں جن میں اُن کی 4 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ جبکہ انھوں نے دائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرواتے ہوئے ان 64 میچوں میں 2723 رنز دے کر 83 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

محمد نواز

محمد نواز بولرز کی عالمی درجہ بندی میں 49ویں نمبر پرہیں۔

نواز نے 32 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 18.05کی بیٹنگ ایوریج سے 325 رنز بنائے ہیں جن میں اُن کی 1 نصف سینچری شامل ہے۔ نواز نے ان 32 میچوں میں 1284 رنز دے کر 40 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اُسامہ میر

اسامہ نے 8 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 386 رنز دے کر 11 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان 8 میچز میں انھوں نے 8 کی بیٹنگ ایورج سے 20 رنز بنائے ہیں۔

حارث رؤف

حارث رؤف بولرز کی عالمی درجہ بندی میں 23ویں نمبر پر ہیں۔

حارث نے اب تک 28 میچز کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 1289 رنز دے کر 53 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان 28 میچوں میں انھوں نے 18 رنز بھی بنائے ہیں۔

محمد وسیم جونیئیر

وسیم بولرز کی عالمی درجہ بندی میں 89ویں نمبر پر ہیں۔

وسیم نے اب تک 16 میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 641 رنز دے کر 24 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان 16 میچوں میں انھوں نے 57 رنز بھی بنائے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی

شاہین شاہ آفریدی عالمی درجہ بندی میں 11ویں نمبر پر ہیں۔ یہ گذشتہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ تھے۔

شاہیننے اب تک 44 میچز کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 2009 رنز دے کر 86 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان 44 انگز میں انھوں نے 141 رنز بھی بنائے ہیں۔

حسن علی

حسن نے اب تک 60 میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 2763 رنز دے کر 91 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان 60 میچوں میں انھوں نے 363 رنز بنائے ہیں۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں جب پاکستان نے 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی تو اس وقت اپنی عمدہ کارکردگی کے باعث حسن علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

سعود شکیل

سعود نے اب تک کُل چھ ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں اُنھوں نے 19 کی بیٹنگ ایورج سے 76 رنز بنائے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More