پاکستان میں سیاحت کا شعبہ انتہائی زوال پذیر ہے اور اس کے باوجود مشہور تفریحی مقام مری جانے والے سیاحوں سے اضافی پیسے اینٹھنے کے واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہوتے ہیں لیکن سنگاپور میں ایک ہوٹل میں ایک خاتون سیاح کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا جس نے مری کو بھی مات دیدی۔
سنگاپور میں کیکڑے کی ڈش کا 2 لاکھ روپے بل دیکھ کر خاتون نے پولیس بلوالی۔ ہوا کچھ یوں کہ اپنے دوستوں کے ساتھ سنگاپور کی سیر کو گئی ہوئی جاپانی خاتون سیاح نے ایک ریسٹورنٹ میں کیکڑے سے بنی ڈش کا آرڈر کیا۔
کھانے کے بعد بل دیکھ کر خاتون کے ہوش اڑ گئے کیونکہ ایک ڈش کا بل 680 ڈالر تھا جو پاکستانی روپے میں 2 لاکھ کے قریب بنتا ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کے عملے نے ڈش کی قیمت کے بارے میں درست طور پر آگاہ نہیں کیا تھا۔ ویٹر کی تجویز پر ریسٹورنٹ کی مشہور ڈش منگوائی تھی، کیکڑے کی عام سے ڈش کا اتنا زیادہ بل دیکھ غصے میں بھری خاتون نے پولیس کو بلا لیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ویٹر نے کیکڑے کو ایک ڈش کے طور پر بتایا جس کی قیمت 20 ڈالر تھی ، یہ نہیں بتایا تھا کہ ریسٹورنٹ اس ڈش کی قیمت 100 گرام کے حساب سے وصول کرتا ہے۔
خاتون کی طرف سے پولیس کو بلانے کے بعد ریسٹورنٹ انتظامیہ نے کہا کہ ہم نے خاتون سے کوئی اضافی پیسے چارج نہیں کئے تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد معاملہ رفع دفع ہوگیا۔