امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا ایسی جنگ میں مداخلت نہیں کرے گا جس کا اسے کوئی براہ راست فائدہ نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے حوالے سے امریکا کا موقف واضح ہے، اور وہ اس تنازع میں براہ راست مداخلت نہیں کرے گا۔
نائب امریکی صدر نے کہا بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے جواب دے دیا اب دونوں ممالک کو اس معاملے پر ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے، پاک بھارت جنگ کو ایٹمی جنگ میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ اگر ایسا ہوا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے تنازعے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، لیکن فی الحال ایسا کوئی واضح اشارہ نہیں کہ یہ تنازع ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے رابطہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔