شاہین آفریدی کا جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر تحفہ: ’میدان میں لڑتے ہیں، باہر عام انسان ہوتے ہیں‘

بی بی سی اردو  |  Sep 11, 2023

اتوار کو سری لنکا میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کا مقابلہ بارش کی نظر ہونے سے شاہین شاہ آفریدی روایتی انداز میں انڈین اوپنرز کی وکٹ آغاز میں ہی لینے میں تو ناکام رہے لیکن ان کی جانب سے انڈین بولر جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر تحفہ دینے کی ویڈیو نے کئی لوگوں کے دل جیت لیے۔

یہ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سامنے آئی جس میں شاہین شاہ آفریدی انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو تحفہ دیتے دکھائی دیے۔

واضح رہے کہ انڈین بولر جسپریت بمراہ حال ہی میں باپ بنے ہیں اور اسی وجہ سے وہ ٹیم کو ٹورنامنٹ کے بیچ چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے لیکن پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل انھوں نے ٹیم میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔

لیکن انڈیا کی بیٹنگ کے درمیان ہی ایک بار پھر بارش کی وجہ سے وفقہ ہوا تو اسی وقفے کے درمیان شاہین شاہ آفریدی ہاتھ میں ایک تحفہ لیے جسپریت بمراہ کی جانب بڑھے۔ دوسری جانب جسپریت بمراہ شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے اس ویڈیو کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیار اور امن۔ بہت بہت مبارک ہو جسپریت بمراہ۔ پورے خاندان کے لیے مبارک۔۔۔‘

شاہین شاہ نے یہ بھی لکھا کہ ’ہم میدان میں لڑتے ہیں لیکن میدان سے باہر ہم عام انسان ہوتے ہیں۔‘

https://twitter.com/iShaheenAfridi/status/1700925717171851411

’خاردار تاروں سے باہر دوستی، شاہین آفریدی کا دل موہ لینے والا عمل‘

پاکستان اور انڈیا کے شائقین کرکٹ کے درمیان جہاں اپنی اپنی ٹیم کے بارے میں جذبات عروج پر ہوتے ہیں وہیں کھلاڑیوں کے درمیان ایسے لمحات کوئی نئی بات نہیں۔

ایشیا کپ میں انڈیا اور پاکستان کے پہلے میچ سے پہلے بھی پی سی بی کی جانب سے ریلیز کی گئی ایک ویڈیو میں کوہلی اور حارث رؤف کی ملاقات دکھائی گئی تھی۔

اس ویڈیو میں پاکستانی اور انڈین کھلاڑیوں کی دوستانہ ماحول میں گپ شپ بھی دکھائی گئی، جو عام طور پر دونوں ملکوں کے درمیان میچ کے گرد بننے والی فضا کے بالکل برعکس ہے۔

تاہم شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے اس تحفے کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا گیا اور انڈیا سے بھی صارفین شاہین شاہ آفریدی کے گن گاتے نظر آئے۔

https://twitter.com/Anil_Kumar_ti/status/1700904537517961692

انیل تیواتی نامی انڈین صارف نے ایکس پر لکھا کہ ماضی میں سچن ٹنڈولکر، شعیب اختر، ہربھجن کے زمانے میں ایسے رویے بہت عام تھے لیکن وہ کیمرے کے سامنے ایسا کرنے سے گریز کرتے تھے۔

’فیلڈ سے باہر ان کے درمیان ایک اچھا تعلق ہوا کرتا تھا اور میدان میں کیمروں کی موجودگی میں ان کا جذبہ واقعی یادگار ہوتا تھا۔ میں ان وقتوں کو یاد کرتا ہوں۔‘

https://twitter.com/CricFnatic/status/1700904831194747070

ایک اور انڈین صارف راہول شرما نے لکھا کہ آپ میدان میں پوری جان لڑاتے ہیں لیکن میدان سے باہر ہمیشہ اچھے رویے کا اظہار ہی کسی اچھے کھلاڑی کی نشانی ہوتی ہے۔

راہول نے یہ بھی کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے لیے تمنائیں کہ وہ آنے والے ورلڈ کپ میں بہت سی وکٹیں لیں لیکن انڈیا کے خلاف زیادہ نہیں۔

اویشیک گویال نامی انڈین صارف نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے لکھا کہ خاردار تاروں سے باہر دوستی۔ شاہین شاہ آفریدی کا دل موہ لینے والا عمل۔

https://twitter.com/AG_knocks/status/1700910575658971634

ایک اور صارف نے لکھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آج میچ کیسا ہو گا لیکن ہمیں یہ (ویڈیو) دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔‘

مومن مختار نے لکھا کہ ’بہت اچھا انداز۔۔۔ سرحد کے دونوں طرف امن ہونا چاہیے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More