ایشیا کپ کے اہم ترین پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق 10 ستمبر کو ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں کولمبو میں شیڈول پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے لیے اضافی دن رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔فائنل کے علاوہ یہ واحد میچ ہوگا جس کے لیے ریزور ڈے رکھا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کے ذریعے تماشائیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ میچ کے لیے ٹکٹ پاس ہی رکھیں کیونکہ اس کی میچ کے ریزرو ڈے کے لیے بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ Important announcement
Ticket-holders are advised to hold on to their match tickets for the games with reserve days
Get your tickets at https://t.co/HARU9vsaGB#AsiaCup2023 pic.twitter.com/ueSEKS1gyE
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 8, 2023
یاد رہے اس سے قبل دو ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان پالیکیلے میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کر دیا گیا تھا جبکہ اُس کے بعد پالیکیلے میں ہی انڈیا اور نیپال کے درمیان میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا جس کے باعث انڈٰیا کو جیت کے لیے ڈک ورتھ لوئس کے قانون کے تحت ہدف دیا گیا تھا۔دوسری جانب موسم کی خبروں کی ویب سائٹ ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق 10 ستمبر کو کولمبو میں سارا دن بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔
10 ستمبر کو کولمبو میں دن کے وقت تین گھٹنے بارش متوقع ہے جبکہ رات کے وقت بارش چھ گھنٹوں تک ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ 10 ستمبر کو دوپہر کے وقت بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔اگر سپر فور مرحلے کے تمام میچ بارش کے باعث منسوخ ہو جاتے ہیں تو پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)اس ساری صورتحال کے بعد اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک مرتبہ پھر سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔صرف یہی میچ نہیں بلکہ کولمبو میں شیڈول سپرفور کے باقی میچ بھی بارش کے باعث متاثر ہو سکتے ہیں۔اسی سلسلے میں اگر ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے باقی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہتے ہیں تو اِس صورتحال میں پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا جبکہ سری لنکا اور اںڈیا کے درمیان فائنل میں جانے کا فیصلہ ٹاس پر ہوگا۔اسی طرح اگر ایشیا کپ کا فائنل میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جاتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔