انڈیا پاکستان کرکٹ میں ’دوستی‘: گوتم گمبھیر کے اعتراض پر شاہد آفریدی کا محبت کا پیغام

بی بی سی اردو  |  Sep 08, 2023

Getty Images

ایشیا کپ 2023 کا آغاز ہوا تو سب کی نظریں ایک ہی میچ پر لگی ہوئی تھیں جو کہ پاکستان انڈیا کا میچ تھا۔

دو ستمبر کو ہونے والے میچ میں انڈیا کے بلے بازوں نے پاکستان کے مایہ ناز بولرز کا سامنا کیا۔ یہ میچ پاکستان کی بولنگ اور وینیو میں بارش کے علاوہ یہ میچ ایک اور وجہ سے بھی خبروں کی زینت بنا۔

اس کی وجہ سابق انڈین کرکٹر اور اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دہلی سے رکن پارلیمان گوتم گمبھیر بنے۔

چاہے سٹیڈیم میں موجود شائقین کو ’مڈل فنگر‘ یعنی درمیانی انگلی کا اشارہ کرنا ہو یا کمنٹری کے دوران دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں پر کی گئی باتیں ہوں گوتم گمبھیر میچ کی خبروں کی زینت بنے۔ ایک ایسے ہی بیان پر اب پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی اپنا رد عمل دے دیا ہے۔

Getty Imagesگوتم گمبھیر نے کیا کہا؟

انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ کے دوران گوتم گمبھیر نے کہا تھا کہ جب کھلاڑی اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں تب انھیں اپنی دوستی میدان سے باہر چھوڑ کر آنی چاہیے۔ ’گیم فیس‘ ہونا ضروری ہے دوستی باہر رکھنی چاہیے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جارحیت ہونی چاہیے۔

گوتم گمبھیر نے کہا ’جتنا بھی دوستانہ ہونا ہے ہوئیں، لیکن میچ کے چھ سات گھنٹوں کے بعد یہ گھنٹے بہت اہم ہیں کیونکہ آپ صرف اپنے آپ کی نمائندگی نہیں کر رہے آپ 100 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی طرف سے کھیل رہے ہوتے ہیں۔‘

پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ میچ کے دوران کچھ ایسی تصاویر سامنے آئیں جن میں دونوں ملکوں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے پیار سے ملتے نظر آئے۔ خاص طور پر وراٹ کوہلی کی ایسی تصویریں سوشل میڈیا پرکافی شیئر ہوتی رہیں۔ زیادہ تر لوگ اس کو اچھی سپورٹس مین شپ سے تعبیر کرتے نظر آئے۔

انڈیا پاکستان میچ میں شاداب خان نے ہاردک پانڈیا کے تسمے باندھے اور ان کی تصویر بھی شوشل میڈیا پر کافی شیئر ہوئیں تھیں۔ گمبھیر نے بغیر کسی کا نام لیے اس واقعے کے بارے میں کہا کہ ’آج کل آپ دیکھتے ہیں کہ دو مخالف ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو تھپتھپاتے اور ہاتھ ملاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یہ سب کچھ چند سال پہلے تک نہیں ہوا کرتا تھا۔‘

Getty Images’سیاست کو بالکل ایک طرف رکھیں‘

گوتم گمبھیر کے بیان پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے کھلاڑی دوستانہ رویہ رکھتے ہیں، یہ سب سے اچھی بات ہے۔ میں اسے بہت مثبت انداز میں دیکھتا ہوں۔ جب ہم کسی بھی ملک میں جاتے ہیں تو وہاں اپنے ملک کے سفیر بھی ہوتے ہیں۔ پاک بھارت تعلقات کرکٹ کے ذریعے ہی بہتر ہو سکتے ہیں۔ سیاست کو بالکل ایک طرف رکھیں۔‘

گوتم گمبھیر کے بیان پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ’یہ ان کی اپنی سوچ ہے، میری سوچ مختلف ہے۔ ہم کرکٹر بھی ہیں اور سفیر بھی۔ دنیا میں ہمارے بھی مداح ہیں۔ دونوں طرف پرستار ہیں۔ میرے خیال میں آپ صرف محبت کا پیغام دیں تو بہتر ہوگا۔‘

گو کہ شاہد آفریدی گوتم گمبھیر سے مختلف خیالات رکھنے کی بات کر رہے ہیں لیکن میدان میں ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھوک بھی ہوئی تھی۔

Getty Images

سنہ 2007 میں کانپور میں ہونے والے ون ڈے میچ میں شاہد آفریدی بولنگ کر رہے تھے اور ان کے سامنے گوتم گمبھیر وکٹ کے سامنے کڑے بلے بازی کر رہے تھے۔

گوتم گمبھیر نے آفریدی کی ایک گیند پر چوکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر رن لینے کے لیے بھاگے اور اس دوران دنوں کھلاڑیوں کی آپس می ٹکر ہو گئی اور پھر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی اور بعد میں آئی سی سی نے گمبھیر پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

کرکٹ میچوں میں کھلاڑیوں کی جارحیت پر آفریدی نے کہا کہ میدان کے اندر جارحیت ہوتی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ایسا نہیں ہوتا۔ لیکن میدان سے باہر بھی ایک زندگی ہے اور ہم اپنے اپنے ممالک کے سفیر ہیں۔

ایشیا کپ میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں اتوار کو ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔

Getty Imagesپاک بھارت میچ میں گمبھیر کا اشارہ

دو دن قبل گوتم گمبھیر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو ایشیا کپ میچ کے دوران کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہجوم کوہلی کے حق میں نعرے لگا رہا ہے اور گوتم گمبھیر وہاں سے گزرتے ہوئے ہجوم کی طرف اپنی درمیانی انگلی ہوا میں لہرا کر اشارہ کرتے ہیں۔

کسی کو درمیانی انگلی دکھانا بہت برا سمجھا جاتا ہے، یہ ایک فحش فعل سمجھا جاتا ہے۔ اس ویڈیو پر گوتم گمبھیر کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس تنقید کے بعد گوتم گمبھیر نے میڈیا سے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ دکھایا جا رہا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ لوگ جو کچھ دکھانا چاہتے ہیں دکھاتے ہیں۔

گوتم گمبھیر کا دعویٰ ہے وائرل ویڈیو کی ’سچائی یہ ہے کہ اگر کوئی انڈین مخالف نعرے لگاتا ہے اور کشمیر کے بارے میں بولتا ہے، تو آپ کے سامنے والا شخص ظاہر ہے ردعملدے گا۔ وہ مسکرا کر بس چلا نہیں جائے گا۔ دو تین پاکستانی تھے جو انڈیا مخالف اور کشمیر پر باتیں کر رہے تھے۔ ایسے میں یہ میرا فطری ردعمل تھا۔ میں اپنے ملک کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتا۔ میں اس قسم کا انسان بھی نہیں ہوں۔‘

Getty Imagesکوہلی اور گمبھیر کے تعلقات کا ماضی

گوتم گمبھیر کے وراٹ کوہلی کے ساتھ تعلقات پر اکثر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

اس سال مئی میں بنگلور اور لکھنؤ کے درمیان آئی پی ایل میچ میں گوتم گمبھیر اور وراٹ کوہلی کے درمیان تلخ کلامی پر کافی سرخیاں بنائیں گئیں۔

اس دن میچ کے بعد بنگلور کے کھلاڑی وراٹ کوہلی اور لکھنؤ کے مینٹور گوتم گمبھیر کے درمیان غصے میں الفاظ کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔

ان دونوں کو ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے الگ کیا اور آئی پی ایل نے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا۔

وراٹ کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان آن فیلڈ جھڑپوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلا بڑا ٹکراؤ سنہ 2013 کے آئی پی ایل میں دیکھا گیا جب کوہلی بنگلور کے کپتان تھے اور گمبھیر کولکتہ کی قیادت کر رہے تھے۔

میچ کے دوران دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کو دھکا بھی دیا۔

سنہ 2016 میں کولکتہ نے بنگلور کے خلاف 183 رنز بنائے لیکن پھر بھی وہ میچ 9 وکٹوں سے ہار گئے۔ کوہلی اس سیزن میں زبردست فارم میں تھے اور انھوں نے 900 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے 19ویں اوور کے دوران گوتم گمبھیر اتنے مایوس ہو گئے کہ رن مکمل ہونے کے بعد بھی انھوں نے گیند نان اسٹرائیکر کی طرف ماری جہاں وراٹ کوہلی کھڑے تھے۔

ایک بار پھر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ اس پورے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف خوب چملے کسے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More