بنگلور ایئرپورٹ پر سامان کی تلاشی کے دوران 72 سانپ برآمد

اردو نیوز  |  Sep 08, 2023

انڈیا کے شہر بنگلور کے ایئرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے 72 سانپ اور چھ بندروں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق جانوروں کو بینکاک سے سوٹ کیسز میں رکھ کر جہاز کے ذریعے بنگلور لایا گیا تھا۔

کسٹمز کے افسر کے مطابق ’سوٹ کیسز میں سے 78 جانور ملے ہیں جن میں سے 55 پائتھن سانپ ہیں جبکہ 17 کنگ کوبرا سانپ ہیں۔ یہ سانپ سامان میں زندہ پائے گئے اور حرکت کر رہے تھے۔‘

کسٹمز کے افسر نے مزید بتایا کہ سوٹ کیسز میں سے چھ بندر بھی مردہ حالت میں ملے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ زندہ سانپوں کو ان کے ملکوں واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ مردہ بندروں کو تلف کردیا گیا ہے۔

جانوروں کی سمگلنگ سے متعلق ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج ہو چکا ہے اور حکام کی جانب سے اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بنگلور ایئرپورٹ پر سوٹ کیسز سے جانوروں کی برآمدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل رواں سال جنوری میں بینکاک سے ہی آنے والے سامان میں سے 139 جانور قبضے میں لیے گئے تھے۔

جنوری میں کی جانے والی کارروائی میں تین مسافروں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جن کے سوٹ کیسز میں سے سانپ، طوطے، چھپکلیاں، کچھوے اور بندروں سمیت کئی زندہ جانور ملے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More