دنیا کی سب سے کم عمر ویڈیو گیم ڈیولپر کون ہے؟

اردو نیوز  |  Sep 07, 2023

حالیہ دنوں میں گینز ورلڈ ریکارڈ نے چھ برس کی بچی کو دنیا کی سب سے کم عمر ویڈیو گیم ڈیولپر قرار دیا ہے۔

اس بچی کا نام سیمر کھرانا ہے جن کا تعلق انڈیا سے ہے تاہم وہ کینیڈا میں مقیم ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سیمر کھرانا نے جب پہلی ویڈیو گیم بنائی تب اُن کی عمر 6 برس اور 335 دن تھی۔ 

کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں رہنے والی سیمر کھرانا نے ایک ہفتے میں کوڈنگ کی تین کلاسیں سیکھنا شروع کیں۔ جب باقی کوڈرز اُن کی عمر دیکھتے تو اِس بات پر شدید حیران ہو جاتے کہ اتنی کم عمرمیں کوئی کمپیوٹر کی دنیا میں کیسے قدم رکھ سکتا ہے۔

سیمر کے والد نے گینز ورلڈ ریکارڈ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’سیمر نے یوٹیوب سے اپنی مدد آپ کے تحت ریاضی سیکھی۔ جب وہ کنڈرگارٹن (کے جی) میں تھیں تو وہ تیسری جماعت کی ریاضی کے سوال حل کر لیتی تھیں۔ وہ کسی بھی چیز سے ویڈیو گیمز یا دستکاری بنا رہی تھیں۔ کبھی کبھار وہ ردی کے کاغذ سے کچھ نہ کچھ بنا لیتی تھیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’مجھے محسوس ہوا کہ وہ قدرتی طور پر کوڈنگ میں مہارت حاصل کر لیں گی کیونکہ اُن کے پاس تمام ہنر تھے، لہذا میں نے انہیں ایک ڈیمو کلاس دلوائی جسے سیمر نے بہت پسند کیا۔‘

سیمر کھرانا نے ایک ہفتے میں کوڈنگ کی تین کلاسیں سیکھنا شروع کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)سیمر نے ’ہیلدی فوڈ چیلنج‘ کے نام سے سب سے پہلی ویڈیو گیم بنائی۔ انہیں اس گیم کے بنانے کا خیال تب آیا جب انہیں ایک ڈاکٹر نے فاسٹ فوڈ کھانے سے منع کیا۔

سیمر اس  بارے میں کہتی ہیں کہ ’ڈاکٹر نے کہا کہ مجھے صحت مند خوراک کھانی ہے لہذا میں نے اس صحت مند کھانوں اور فاسٹ فوڈ کے بارے میں گیم بنا ڈالی۔‘

سیمر چاہتی ہیں کہ باقی بچے بھی ہیلدی فوڈ اور فاسٹ فوڈ کے درمیان فرق کو جان پائیں جبکہ انہیں ریاضی اور کوڈنگ سے پیار ہے اور وہ بڑی ہو کر گیم ڈیولپر بننا چاہتی ہیں۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More