’خود کو پولیس کے حوالے کردو‘، سارہ شریف کی سوتیلی ماں سے کزن کی اپیل

اردو نیوز  |  Sep 02, 2023

برطانیہ میں گھر سے مردہ حالت میں ملنے والی 10 سالہ پاکستانی نژاد بچی کی سوتیلی والدہ سے ان کی ایک رشتہ دار نے برطانیہ واپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔

لندن سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سرے کے علاقے سے سارہ شریف کی لاش ملنے کے بعد برطانوی پولیس نے 10 اگست کو تفتیش کا آغاز کیا تھا۔

سارہ شریف کی سوتیلی والدہ 29 برس کی بینش بتول اپنے شوہر عرفان شریف اور ان کے بھائی فیصل ملک کے ساتھ پاکستان میں روپوش ہیں۔

بینش بتول کی کزن نے سکائی نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو برطانیہ واپس آنا چاہیے۔

انہوں نے سکائی نیوز کو نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ’مجھے نہیں معلوم وہ کہاں ہیں۔ لیکن میں ان کے لیے پریشان ہوں۔ ان کے بچوں کے لیے پریشان ہوں۔ ان کو برطانیہ واپس آنا چاہیے، پولیس کے پاس جائیں اور بتا دیں کہ کیا ہوا تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم۔۔۔ میرے خاندان کو نہیں معلوم۔۔ کہ کیا ہوا تھا۔ یہ ایک حادثہ بھی ہو سکتا ہے۔‘

کزن کا کہنا تھا کہ عرفان سے شادی کے بعد بینش بتول اپنے والدین سے الگ ہو گئی تھی۔

’اس نے اپنے خاندان کے ساتھ تعلق ختم کر لیا تھا۔ اس نے چھپ کر شادی کی اور اس کے والد نے کہا تھا کہ وہ ان کی بیٹی نہیں۔ اس کے بعد اس نے والدین سے بات چیت نہیں کی۔‘

اس سے ایک دن قبل عرفان شریف کے والد نے اپنے بیٹے سے کہا تھا کہ وہ خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔

گزشتہ ہفتے عمر شریف کے دو رشتہ داروں کو غیرقانونی حراست میں لینے اور ان سے پوچھ گچھ پر راولپنڈی کی عدالت نے جہلم پولیس کی سرزنش کی تھی۔

برطانوی اور پاکستانی اداروں کی جانب سے تینوں افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

عمر شریف کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کے ساتھ پانچ بچے بھی ہیں۔

10 سالہ پاکستانی نژاد بچی کے چچا نے دعویٰ کیا تھا کہ سیڑھیوں سے گرنے اور گردن ٹوٹنے کی وجہ سے ان کی بھتیجی کی موت واقع ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More