آسٹریلیا میں خاتون کے دماغ سے سانپوں میں پایا جانے والا کیڑا برآمد

اردو نیوز  |  Aug 29, 2023

یہ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کے ہسپتال کے متعدی امراض کے ڈاکٹر سنجے سینانائیک کے لیے ایک معمول کا دن تھا لیکن جب اُنہیں نیوروسرجن کی کال موصول ہوئی تو یہ دن اُن کے لیے غیر معمولی بن گیا۔

سنجے سینانائیک نے فون کال پر جو سنا وہ کچھ اس طرح تھا :’او میرے خدا! آپ یقین نہیں کریں گے کہ میں نے خاتون کے دماغ سے کیا نکالا ہے، یہ زندہ ہے اور حرکت کر رہا ہے۔‘

مزید پڑھیں

نیورو سرجن ڈاکٹر ہری پریا بندی نے اپنی مریضہ کے دماغ سے آٹھ سینٹی میٹر لمبا طفیلی (پیراسائیٹ) راؤنڈ ورم نکالا تھا اور وہ ڈاکٹر سنجے سیننائیک اور ہسپتال کے دیگر ساتھیوں سے مشورہ کرنا چاہتی تھیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 64 سالہ آسٹریلوی خاتون جنہیں یادداشت نہایت کمزور ہو جانے کی شکایت تھی، علاج کی غرض سے ہسپتال آئیں۔

ڈاکٹرز اُس وقت دنگ رہ گئے جب اُنہیں ایم آئی آر سکین کے دوران دماغ کے آگے والے حصے میں ’غیر معمولی زخم‘ نظر آیا۔

یہ دراصل آٹھ سینٹی لمبے اس راؤنڈ وارم تھا جسے اوفیڈاسکیریز رابرٹسی کہا جاتا ہے اور جس کے بارے میں محققین کا کہنا ہے کہ یہ کینگروز اور سانپوں کی ایک قسم پائیتھون میں پایا جاتا ہے تاہم انسانوں میں نہیں۔

متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر سنجے سینانائیک کا کہنا ہے کہ ’دنیا میں اوفیڈا سکیریز کی انسانی دماغ میں موجودگی کا یہ پہلا کیس ہے۔‘

ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ مریضہ چونکہ ایک جھیل کے قریب رہتی ہیں جہاں پائیتھون سانپ پائے جاتے ہیں، وہاں گھاس اکٹھے کرتے ہوئے انہوں نے کوئی تنکا چباپا جس سے وہ متاثر ہوئیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق کسی سانپ نے طفیلی کیڑے کو اپنے فضلے میں خارج کیا جو گھاس میں رہ گیا اور مریضہ نے جب اُسے کھایا تو یہ راؤنڈ وارم اُن کے جسم کے اندر چلا گیا۔

خاتون کے دماغ کے سکین کے بعد اس کیڑے کی ڈی این اے ٹیسٹنگ سے شناخت ہوئی۔

ڈاکٹر سنجے سینانائیک کا کہنا تھا کہ ’میں ان خاتون کو داد دیتا ہوں جنہوں نے اس عمل کے دوران صبر اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More