ہیئر فال: ذہنی تناؤ یا ہارمونز میں تبدیلی۔۔۔ آپ کے بال جھڑنے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

بی بی سی اردو  |  Aug 28, 2023

Getty Images

آپ چاہے مرد ہوں یا خاتون، بالوں کا گرنا ایک بہت عام مسئلہ معلوم ہوتا ہے لیکن یہ ایک شخص کو جذباتی طور پر بہت زیادہ متاثر کرتا ہے اور پھر یہی جذباتی اثر زندگی کا بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔

انڈیا میں کیے جانے والے ایک مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ پچاس سال کی عمر تک پہنچنے والےتقریبا 50 فیصد مردوں اور 40 فیصد خواتین کو بال گرنے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بالوں کا گرنا خاص طور پر مون سون کے موسم کے آغاز میں زیادہ ہوتا ہے۔

انسانی سر پر موجود اوسطاً ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ بالوں میں سے تقریباً 80 سے 100 بال روزانہ گرتے ہیں تاہم اگر بال اس سے ذیادہ گریں تو یہ تشویش کا باعث ہے۔

بالوں کا گرنا بنیادی طور پر دو طرح کا ہوتا ہے۔ سکارنگ ایلوپیشیا، نان سکارنگ ایلوپیشیا۔

سکارنگ ایلوپیشیا میں بالوں کی جڑیں مکمل طور پر تباہ ہوجاتی ہیں اور ان میں دوبارہ بالوں کی نشوونما رک جاتی ہے جبکہ نان سکارنگ ایلوپیشیا میں جڑیں صحت مند ہوتی ہیں اس لیے بال دوبارہ نکل آنے کا امکان ہوتا ہے۔

بال گرنے کی وجوہاتGetty Images

بالوں کے زیادہ گرنے کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں جن میں ہر فرد کی اس کے طرز زندگی کے حوالے سے ذاتی یا انفرادی وجوہات بھی ہوتی ہیں جبکہ موسمی وجوہات کے باعث بھی بال گرتے ہیں۔

انفرادی وجوہات میں جینیات، یا صحت سے متعلق عوامل شامل ہو سکتے ہیں۔

بالوں کے گرنے کی کچھ وجوہات ہمارے قابو سے باہر ہیں اوران میں سرفہرست جینیاتی گنجا پن ہے۔

اس کے علاوہ ہارمونز کی وجہ سے ہونے والا گنج پن (اینڈروئیڈ ایلوپیسیا ) جو مردوں میں عام ہے اور خواتین میں نایاب سمجھا جاتا ہے۔

خواتین کی اکثریت میں بچے کی پیدائش کے بعد ہارمونل عدم توازن کی وجہ سےبال گرتے ہیں۔ خواتین میں بالوں کا گرنا تھائیرائیڈ کے باعثیا قدرتی ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔

بالوں کا گرنا بعض ادویات یاکسی مرض کے علاج کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ کینسر کے علاج کے دورانکیموتھراپی اور ریڈیو تھراپی کا عمل ہے۔

قوت مدافعت میں کمی بھی بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہے اور انھیں صرف باقاعدہ علاج سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

کچھ فنگل انفیکشن، یا سر میں خارش والی خشکی جیسے مسائل بھی بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر آپ صحت کے مسائل اور ذہنی تناؤ کا شکار رہے ہوں تو بھی بال جھڑنے کا سامنا آپ کو ہو سکتا ہے تاہم ان مسائل سے نکلنے کے چند دن بعد بالوں کا گرنا کم ہو جائے گا۔

وٹامن بی 12 کی جانچ کروائیں

بالوں کی اچھی نشوونما کے لیے چند باتوں کو مد نظر رکھنا بے حد ضروری ہے

سب سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ کہیں آپ خون کی کمی کا شکار تو نہیں۔ وٹامن بی 12 کی جانچ کرنی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق وٹامن بی 12 کی کمی بھی بالوں کے گرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ پروٹین سے بھرپور غذا کھائیں۔ورزش کے ذریعے صحت مند طرز زندگی اپنانے کا رجحان اپنائیں۔

بالوں کو گرنے سے روکنا بہر صورت آسان نہیں ہوتا۔ سب سے پہلے بالوں کے گرنے کی صحیح وجہ معلوم کی جائے اور اس کے مطابق علاج کیا جائے۔

تھائیرائیڈیا خون کی کمی، وٹامن بی 12 کی کمی، یا آٹوایمون (قوت مدافعت میں کمی کے باعث ہونے والی بیماریاں) کے مسائل کے لیے ٹیسٹ کیا جانا چاہیے۔

بالوں کی پیوند کاری یا انجیکشن ایبل پلیٹلیٹ سے بھرپور پلازما (PRP)بعض اوقات ایک تکلیف دہ اور مہنگا طریقہ علاج ہے جو عام لوگوں کی دسترس میں نہیں۔

بالوں کے لیے تیل کی مالش ضروری، جیل یا سپرے کا مسلسل استعمال خطرناک Getty Images

ماہرین بالوں کی بہتر نشوونما اور حفاظت کے لیے چند تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جس کے مطابق

ہفتے میں کم از کم دو بار ناریل کے تیل کو نیم گرم کر کے کھوپڑی کی مالش کریں اور پھر سر دھو لیں۔ شیمپو کو بار بار تبدیل نہیںکریں۔ بالوں کو خشک کرنے کے لیےہر بار ہیئر ڈرائیر کا استعمال نہ کریں۔دھول اور مٹی میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپ لینا بہتر ہے تاکہ بال خشک نہ ہوں۔بالوں کو نہ ہی ہر وقت ڈھیلا (کھلا) چھوڑیں اور نہ انھیں کسی پونی سے سختی سے جکڑیں بلکہ مناسب انداز سے انھیں گوندھے رکھنا ذیادہ بہتر ہے۔بار بار ہیئر سٹائل کرنا، عارضی خوبصورتی کے لیے جیل یا سپرے کا مسلسل استعمال بھی بالوں کے گرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

سیاہ، لمبے اور گھنے بال خوبصورتی کی علامت سمجھے جاتے ہیں تاہماگر آپ کے بال اس معیار پر پورا نہیں اترتے توفکر کرنے کی بجائے آپ کے پاس جو ہے اس پر خوش رہیں کیونکہ لمبے گھنے بالوں والے بھی نگہداشت کے لیے وقت نہ میسر ہونے پر بال کٹوا کے انھیں چھوٹا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More