روس کا دارالحکومت ماسکو مسلسل چھٹے دن بھی یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔ تازہ ترین حملے میں ماسکو کے مرکزی کاروباری ضلع کی ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو پر تازہ ترین حملہ روسی توپ خانے کی جانب سے مشرقی یوکرین کے شہر لیمن کے قریب دو دیہاتوں کو نشانہ بنانے کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔ماسکو کا یہ علاقہ جو فرنٹ لائن سے سینکڑوں کلو میٹر دور ہے، حالیہ ہفتوں میں بارہا حملوں کی زد میں آیا تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاع نے ایک یوکرینی ڈرون کو موزائیسکی ضلع میں جبکہ دوسرے کو ماسکو کے علاقے خمکی میں مار گِرایا۔ روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی دفاع نے ایک یوکرائنی ڈرون کو موزائیسکی ضلع میں اور ایک کو ماسکو کے علاقے خمکی میں مار گرایا۔بیان کے مطابق ’ایک تیسرا ڈرون ماسکو سٹی بزنس ڈسٹرکٹ میں کریملن سے تقریباً پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر ایک عمارت سے ٹکرا کر فضائی دفاع کا نشانہ بنا۔‘روس کی سرکاری نیوز ایجنسی طاس نے رپورٹ کیا ہے کہ ماسکو کے ونوکووو، شیریمیٹیوو اور ڈومودیدوو ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک کو مختصر وقت کے لیے روک دیا گیا۔ٹیلی گرام پر روسی روزنامہ ایزویسٹیا کی جانب سے پوسٹ کی گئی فوٹیج میں ایک فائر ٹرک اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اداروں کی گاڑیاں فلک بوس عمارتوں کے ساتھ سڑک پر قطار میں کھڑی دِکھائی دے رہی ہیں۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام کے ذریعے بتایا کہ ’ہنگامی سروسز کاروباری ضلع کا معائنہ کر رہی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’دو ملحقہ پانچ منزلہ عمارتوں میں کئی کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔‘ سرگئی سوبیانین اور وزارت دفاع کے مطابق تاحال جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی کے مطابق کاروباری ضلع میں ’دھماکہ‘ سُنا گیا۔ تھوڑی دیر بعد اسی علاقے میں عمارتوں سے دھواں اُٹھنے لگا۔‘