پاکستان میں منشیات اور اسلحہ سمگل کرنے والے چھ انڈین شہری گرفتار: آئی ایس پی آر

اردو نیوز  |  Aug 22, 2023

انڈین سرحد پر تعینات پاکستانی رینجرز نے منشیات اور اسلحے کے چھ سمگلروں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق انڈیا سے بتایا جا رہا ہے۔

منگل کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’پاکستانی رینجرز نے 29 سے 03 اگست کے درمیان چھ انڈین شہریوں کو پکڑا ہے جو منشیات اور اسلحہ پاکستان سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’یہ حیرانگی کی بات ہے کہ انڈین بارڈر فورس (بی ایس ایف) کی بھاری سکیورٹی کے باوجود ان سمگلروں نے سرحد پار کر لی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی ایس ایف منشیات اور اسلحے کی سمگلنگ میں ملوث ہے۔ مزید حیرانگی اس بات پر ہے کہ بی ایس ایف نے اپنے چھ لاپتہ شہریوں کی رپورٹ بھی نہیں کی۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق چار سمگلروں کا تعلق فیروزپور سے ہے اور ان کے نام گرمیت سنگھ ولد گلدیپ سنگھ، شندر سنگھ ولد بھوڑا سنگھ، جوگندر سنگھ ولد ٹھاکر سنگھ اور وشال ولد جگا ہیں، جبکہ رتن پال سنگھ ولد مہیندر سنگھ جالندھر اور گرویندر سنگھ ولد مختیار سنگھ لدھیانہ سے ہے۔

مزید کہا گیا کہ ’پاکستان میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے  پر ان سمگلروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نگرانی جاری رکھیں گی اور امید ہے کہ انڈین بی ایس ایف پیشہ ورانہ طریقے سے کام کرے گی اور اپنے علاقے میں کام کرنے والے سمگلروں سے تعلق نہیں رکھے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More