سائفر کیس: شاہ محمود چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اردو نیوز  |  Aug 21, 2023

سائفر کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ 

پیر کو سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں۔

کیس کی آن کیمرا سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ عدالت نے بعدازاں فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ 

سنیچر 19 اگست کو شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی معاونت سے گرفتار کر کے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر منتقل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم سائفر کیس میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کے خلاف وزارت داخلہ کے افسر یوسف نسیم کھوکھر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر مجاز حکام کی منظوری کے بعد درج کی گئی۔ سائفر کیس کا مقدمہ ایف آئی اے کے کاونٹر ٹیررزم ونگ نے درج کیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’بنی گالہ میں خفیہ میٹنگ کر کے سازش تیار کی گئی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More